پاکستان نے آخری میچ اور سیریز جیت لی

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

پورٹ آف سپین کے میدان پر کھیلے جانے والے چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

پاکستان نے 125 رنز کا ہدف 19 اووروں میں تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

نوجوان بولر شاداب خان کو دس وکٹیں لینے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

احمد شہزاد اور بابر اعظم نے پاکستان کی جانب سے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں اہم 70 رنز بنائے۔

پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کرنے والے اوپنر احمد شہزاد نے آخری میچ میں نصف سنچری سکور کی جبکہ بابر اعظم نے 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

کامران اکمل 20 رنز بنانے میں کامیاب ہو سکے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے تھے۔

کرکٹ

،تصویر کا ذریعہAFP

پاکستان کی جانب سے اس میچ میں تمام ہی بولرز نے ایک بار پھر عمدہ بولنگ کا مظاہر کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو بڑا سکور کرنے سے روکے رکھا۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور حسن علی نے دو دو وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ عماد وسیم، وہاب ریاض اور رومان رئیس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں عمدہ بلے بازی کرنے والے ایون لیوس صرف سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

بعد میں چاڈوک والٹن نے اچھی بلے بازی کرتے ہوئے سب سے زیادہ 40 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ کپتان بریتھویٹ نے 37 رنز کی اننگز کھیلی۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اختتام کے بعد سات اپریل سے دونوں ٹیمیں تین ایک روزہ میچ کھیلیں گی جس کے بعد 22 اپریل سے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آغاز ہوگا۔