ایون لیوس کی عمدہ اننگز، تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو شکست

،تصویر کا ذریعہAFP
ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو میں پورٹ آف سپین کے میدان میں کھیلے جانے والے تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ویسٹ انڈز نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
ویسٹ انڈیز نے 138 رنز کا ہدف ایون لیوس کی عمدہ اننگز کی بدولت 15ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ایون لیوس نے 51 گیندوں پر نو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 91 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر گذشتہ میچوں جیسی کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ وہاب ریاض، سہیل تنویر اور شاداب خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
ویسٹ انڈیز نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے ہی اوور میں سہیل تنویر نے پہلی وکٹ حاصل کی جب والٹن ایک رن بنا کر کیچ آوٹ ہوگئے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
اس کے بعد لیوس اور سیمیولز نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 56 رنز سکور کیے اور پاکستان کی میچ پر سے گرفت کمزور کر دی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سیمیولز 18 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اووروں میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 137 رنز بنائے۔
کامران اکمل پاکستان کی جانب سے سب سے کامیاب بلے باز رہے انھوں نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
اوپنر احمد شہزاد پہلی ہی اوور کی دوسری گیند ہر بولڈ ہوگئے اور ان کے فوراً بعد کریز پر آنے والے عماد وسیم بھی بنا کوئی رن بنائے سٹمپ آؤٹ ہوگئے۔
بعد میں بابر اعظم اور کامران اکمل نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 88 رنز بنائے۔ کامران اکمل اپنی نصف سنچری سے صرف دو رنز کی دوری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
آؤٹ ہونے والے پانچویں پاکستانی بلے باز بابر اعظم تھے جنھوں نے 43 رنز کی اننگز کھیلی۔

،تصویر کا ذریعہAFP
شعیب ملک آؤٹ ہونے والے چوتھے کھلاڑی تھے جن کو کارلوس بریتھ وائٹ نے آؤٹ کیا۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیمیول بدری نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ولیمز، بریتھ ویٹ نرائن اور سیمیولز نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کی ٹیم نے اس میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی ہے جبکہ ویسٹ انڈیز نے روومین پاول کی جگہ جیسن محمد کو ڈیبو کرنے کا موقع دیا ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے دو میچوں میں پاکستان ٹیم کامیاب رہی تھی۔
پاکستان کی جانب سے اپنے کیرئیر کا آغاز کرنے والے لیگ سپنر شاداب خان نے سیریز کے پہلے دودنوں میچوں میں مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا تھا۔








