زیکا وائرس کی ویکسین چوہوں میں ’کامیاب‘

زیکا وائرس مچھر سے پھیلتا ہے

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشنزیکا وائرس مچھر سے پھیلتا ہے

سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ ایک تجرباتی ویکسین کی واحد خوراک چوہوں میں زیکا وائرس کے خلاف موثر ثابت ہوئی ہے، جس سے امید پیدا ہو گئی ہے کہ ایسی ہی ویکسین انسانوں کے لیے بھی تیار کی جا سکتی ہے۔

امریکی ٹیم کی یہ تحقیق جریدے نیچر میں شائع ہوئی ہے اور سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس کے نتائج ’حیرت انگیز‘ ہیں اور اس سے مزید تحقیق میں تیزی آئے گی۔

چند ماہ کے اندر اندر انسانوں میں تجربات شروع کر دیے جائیں گے۔

تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر یہ نتائج مثبت بھی ثابت ہوں تب بھی وہ لوگ جنھیں سب سے زیادہ خطرہ ہے، یعنی حاملہ خواتین، ان تک ویکسین پہنچنے میں کئی برس لگ سکتے ہیں۔

زیکا وسطی اور جنوبی امریکہ میں پھیل رہا ہے، اور حال ہی میں اس کے مریض افریقہ میں بھی دیکھنے میں آئے ہیں۔

یہ اور اگر یہ کسی حاملہ خاتون کو ہو جائے تو بچے میں پیدائشی نقائص پیدا ہو سکتے ہیں۔

اگر کوئی حاملہ خاتون زیکا سے متاثر ہو جائے تو بچے میں پیدائشی نقائص پیدا ہو سکتے ہیں جن میں سر کا چھوٹا ہونا شامل ہے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشناگر کوئی حاملہ خاتون زیکا سے متاثر ہو جائے تو بچے میں پیدائشی نقائص پیدا ہو سکتے ہیں جن میں سر کا چھوٹا ہونا شامل ہے

امریکہ کے والٹر ریڈ آرمی انسٹیٹیوٹ آف ریسرچ اور دوسرے اداروں سے وابستہ سائنس دانوں نے چوہوں پر دو اقسام کی ویکسین کا تجربہ کیا۔ ان میں سے ایک میں وائرس کا جینیاتی مواد شامل تھا، جب کہ دوسری میں زیکا وائرس کی ایک بےضرر نقل شامل تھی۔

دونوں ویکسینیں موثر ثابت ہوئیں اور تحقیق میں شامل ہر چوہا وائرس سے محفوظ رہا۔ اس کے مقابلے پر وہ چوہے جنھیں ویکسین نہیں دی گئی تھی، جب انھیں زیکا وائرس دیا گیا تو وہ اس سے متاثر ہو گئے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ وہ آئندہ بےضرر وائرس والے طریقے پر توجہ مرکوز کرے گا کیوں کہ اکثر ویکسینیں اسی طریقے پر کام کرتی ہیں۔

مستقبل میں کیے جانے والے تجربات سے معلوم ہو گا کہ یہ ویکسین انسانوں میں کس قدر محفوظ ہے اور اس سے حاصل ہونے والی مدافعت کتنے عرصے تک برقرار رہتی ہے۔

محقق ڈاکٹر ڈین باروش کہتے ہیں: ’ابھی بہت سی چیزیں نامعلوم ہیں۔ (تاہم) ہمیں امید ہے کہ اس خبر سے زیکا کے خلاف ویکسین تیار کرنے کی مہم میں تیزی آ جائے گی۔‘

دوسرے تحقیق کار بندروں میں زیکا ویکسین کی تیاری کی کوششیں کر رہے ہیں۔