’زیکا وائرس افریقہ کی چوکھٹ تک پہنچ چکا ہے‘

وائرس کی درجہ بندی کے بعد پتہ چلا ہے کہ یہ ایشیائی نسل کے ہیں جو امریکہ سے افریقہ پہنچے ہیں

،تصویر کا ذریعہSPL

،تصویر کا کیپشنوائرس کی درجہ بندی کے بعد پتہ چلا ہے کہ یہ ایشیائی نسل کے ہیں جو امریکہ سے افریقہ پہنچے ہیں

عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ برازیل میں پھیلنے والا زیکا وائرس افریقہ میں پہلی بار دیکھا گیا ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ زیکا وائرس کی تازہ نسل پھیل رہی ہے اور یہ افریقہ کے دروازے تک پہنچ چکی ہے۔

٭ <link type="page"><caption> زیکا وائرس یورپ میں بھی پھیلنے کا خدشہ</caption><url href="http://www.bbc.com/urdu/science/2016/05/160518_zika_may_spread_to_europe_zh.shtml" platform="highweb"/></link>

ابھی یہ شمال مغربی ساحل کے پاس موجود جزائر کے سلسلے کیپ ورڈی میں گردش کر رہا ہے۔

زیکا اعصابی خرابی سے منسلک ہے جس میں بچوں کی چھوٹے دماغ کے ساتھ پیدائش بھی شامل ہے۔

افریقہ میں ڈبلیو ایچ او کی ریجنل ڈائرکٹر ڈاکٹر ماٹشیڈیشو موئٹی نےکہا: ’اس بات کے علم سے افریقی ممالک کو خطرے کی سطح کو از سر نو چانچنے اور اس سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے میں مدد ملے گی۔‘

انھوں نے کہا کہ ’افریقی ممالک کو چاہیے کہ وہ حاملہ خواتین میں اس کی پیچیدگیوں کے متعلق بیداری پیدا کریں اور مچھر سے بچنے اور جنسی طور پر منتقلی روکنے کے لیے لوگوں کی حوصلہ افزائی کریں۔‘

مچھروں کے کاٹنے سے بچنے کے لیے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنمچھروں کے کاٹنے سے بچنے کے لیے لوگوں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے

تاہم انھوں نے کہا کہ اس کو روکنے کے لیے وہ سفر پر سخت پابندی کے حق میں نہیں ہیں۔

کیپ ورڈی میں زیکا وائرس کے سات ہزار مشتبہ کیسز ہیں اور اطلاعات کے مطابق ان میں سے تقریبا 180 حاملہ خواتین ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ تین بچے مائیکرو سیفیلی سے متاثرہ دماغ کے ساتھ پیدا ہوئے ہیں۔

سائنسدانوں نے جب تک کہ سینیگال میں وائرس کی درجہ بندی نہیں کی تھی اس وقت تک انھیں یہ پتہ نہیں تھا کہ کیپ ورڈی میں افریقی نسل یا ایشیائی نسل کے وائرس پھیلے ہیں جس نے برازیل اور لاطینی امریکی ممالک کو نشانہ بنا رکھا ہے۔

زیکا وائرس کے سبب معمول سے چھوٹے سر کے بچے پیدا ہو رہے ہیں

،تصویر کا ذریعہEPA

،تصویر کا کیپشنزیکا وائرس کے سبب معمول سے چھوٹے سر کے بچے پیدا ہو رہے ہیں

جانچ میں پتہ چلا ہے کہ یہ ایشیائی نسل کے وائرس ہیں اور اسی نسل سے تعلق رکھتے ہیں جو برازیل میں بچوں کے دماغ کے سائز کو متاثر کرنے کے موجب ہیں۔

برازیل میں مائکرو سیفیلی کے 1300 متصدقہ کیسز ہیں یعنی چھوٹے دماغ کے ساتھ بچے پیدا ہوئے ہیں جبکہ ہزاروں دوسرے کیسز کی جانچ جاری ہے۔

برطانیہ کے ایک ریسرچر نے کہا ہے کہ چھوٹے پیمانے پر افریقی ممالک میں زیکا وائرس گذشتہ 50 برسو‎ں سے موجود ہے اس لیے کچھ آبادی میں اس سے مدافعت کی قوت پیدا ہو چکی ہوگی۔