’شکاری‘ اپنی ہی گولی کا شکار ہوگیا

،تصویر کا ذریعہGetty
امریکی ریاست ٹیکسس میں پولیس کے مطابق ایک جانور پر چلائی جانے والی گولی اس کے جسم سے ٹکرا کر واپس آکر گولی چلانے والے شخص کے سر پر لگ گئی جس سے وہ زخمی ہوگیا۔
یہ واقعہ مشرقی ٹیکسس کے علاقے ماریٹا میں پیش آیا۔
اس شخص نے جانور پر تین گولیاں چلائیں جن میں کم از کم ایک گولی اس کی سخت کھال سے ٹکرا کر واپس آکر لگی۔
امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق مسلح شخص کے جبڑے کا علاج معالجہ کیا جا رہا ہے تاہم جانور ارمادیلو تاحال لاپتہ ہے اور اس کے بارے میں واضح نہیں ہوسکا کہ وہ زندہ ہے یا مر گیا۔
پولیس اہلکار لاری رورے نے خبررساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ شوٹر نے جمعرات کی صبح اپنی ملکیتی زمین پر جانور کر دیکھنے کے بعد اس پر گولی چلائی تھی۔
اہلکار کا کہنا تھا: ’وہ باہر گیا اور اس نے 33. ریوالور اٹھائی اور تین بار ارمادیلو پر گولی چلائی۔‘
جانوروں کے حقوق کے علمبردار اور کامیڈی فنکار رکی گرویاس نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے ’کرمادیلو‘ کا لفظ ٹویٹ کیا۔
جمعرات کے پیش آنے والا واقعہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ نہیں ہے۔ حالیہ مہینوں میں اس سے پہلے بھی امریکہ کے جنوبی علاقوں میں ارمادیلو سے گولی ٹکرا کر انسانوں کو لگنے کے واقعات پیش آچکے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
مقامی ٹی وی ڈبلیو اے ایل بی نیوز کے مطابق اپریل میں جارجییا میں ایک شخص نے اپنی ساس کو زخمی کر دیا تھا جب اس کی جانب سے چلائی گئی گولی ارمادیلو سے ٹکرا کر واپس آئی۔
تاہم بعدازاں اس جانور کو مار دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ارمادیلو وسطی اور جنوبی امریکہ کا ایک دودھ پلانے والا جانور ہے جس کی کھال سخت اور استخوانی خول سے ڈھکی ہوتی ہے۔







