اوبر خودکار گاڑیوں کو سڑک سے ہٹانے سے انکاری

اوبر کار

،تصویر کا ذریعہVOLVO

،تصویر کا کیپشناوبر کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی کاریں ہرچند کہ خودکار ہیں تاہم ان میں بغل والی سیٹ پر ڈرائیور موجود ہوتا ہے

معروف امریکی کار سروس کمپنی اوبر نے سان فرانسسکو کی سڑکوں سے اپنی بغیر ڈرائیور کے چلنے والی گاڑیوں کو ہٹانے سے انکار کر دیا ہے۔

کمپنی کو بتا دیا گيا ہے کہ ان کی خودکار کاریں غیر قانونی ہیں۔

کمپنی نے رواں ہفتے اس گاڑی کی تجرباتی جانچ شروع کی تھی لیکن موٹر گاڑی کے محکمے ڈی ایم وی نے کہا ہے کہ اس کے لیے کمپنی کو پہلے ٹیسٹ پرمٹ حاصل کرنا ہوگا۔

اوبر انتظامیہ نے کہا ہے کہ انھیں اس کی ضرورت نہیں کیونکہ سیٹ پر ‎سیفٹی ڈرائیور موجود ہے اور وہ اس مطالبے کو نظرانداز کر دیں گے۔

کیلیفورنیا کے اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ اوبر فورا اپنا خود کار ڈرائیونگ ٹیسٹ بند کرے یا پھر اپنے خلاف مزید اقدامات کے لیے تیار رہے۔

اٹارنی جنرل کے دفتر کی ترجمان نے کسی مخصوص قدم کی جانب اشارہ نہیں کیا لیکن دفتر کا اگلا قدم اوبر کو حکم بجا لانے کے لیے کورٹ آرڈر ہو سکتا ہے۔

،ویڈیو کیپشناوبر نے امریکہ میں بغیر ڈرائیور والی کاریں متعارف کروائی ہیں۔

کیلیفورنیا میں گوگل جیسی دوسری کمپنیوں نے اس طرح کی ٹیسٹ ڈرائیونگ کے لیے باضابطہ پرمٹ حاصل کیا ہے۔

ہر پہلی دس گاڑیوں کے پرمٹ کے لیے ڈیڑھ سو ڈالر آتے ہیں جبکہ اس کے علاوہ مزید 10 گاڑیوں کے لیے 50 ڈالر چارج کیے جاتے ہیں۔

کیلیفورنیا میں ڈی ایم وی کی جانب سے جاری ایک نوٹس میں کہا گيا ہے کہ آٹونومس وہیکل ٹیسٹنگ پرمٹ کے بغیر سرکاری سڑک پر خودکار یعنی بغیر ڈرائیور والی کاریں چلانا غیر قانونی ہے۔

جمعے کو میڈیا کے ساتھ ایک کانفرنس کال میں اوبر میں ایڈوانس ٹیکنالوجی کے نائب صدر اینتھونی لیوانڈوسکی نے کہا کہ اوبر کمپنی حکام کا 'احترام' کرتی ہے لیکن ان ضابطوں کا اطلاق ان پر نہیں ہوتا۔

اوبر کار

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشناوبر کا کہنا ہے کہ ان کی کار میں ڈرائیور کی موجودگي اہم ہے

انھوں نے صحافیوں کو بتایا کہ پرمٹ کی ضروت ایسی کاروں کے لیے ہے جس میں 'براہ راست جسمانی کنٹرول نہ ہو یا جو کسی انسان کی نگرانی کے بغیر چل رہی ہو۔'

انھوں نے بتایا کہ اوبر کار کو انسان کی ضرورت ہے اس کے باوجود کمپنی اپنی گاڑیوں کو خودکار ڈرائیونگ کار کہتی ہے۔

انھوں نے اپنی مدافعت میں ٹیلسا کار کی مثال دی جس میں آٹوپائلٹ نظام ہے اور جب گاڑی کو اس نظام کے سپرد کردیا جاتا ہے تو وہ خود بخود ٹریفک کے حساب سے اپنی راہداریاں بدلتی ہے۔