 | | | سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے منگل کو صدارتی حلف کے الفاظ پڑھتے ہوئے غلطی کر دی تھی: آئینی ماہر |
امریکی صدر باراک اوباما نے بدھ کو ایک مرتبہ پھر اپنے عہدے کا حلف لیا ہے کیونکہ منگل کو پہلے حلف کی روایتی عبارت پڑھنے کے دوران میں حلف کے الفاظ کی ترتیب آگے پیچھے ہوگئی تھی۔ امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر اوباما سے دوسری مرتبہ جو حلف لیا اس کی سادہ سی تقریب وائٹ ہاؤس میں بدھ کو ہوئی۔ ایک سرکاری اہلکار نے بتایا ہے کہ دوسری دفعہ حلف لینے کا فیصلہ محض ’بہت زیادہ احتیاط‘ کے پہلو کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا۔ دوسرے حلف کے موقع پر صدر اوباما نے از راہِ تفنن یہ کہا: ’ہم نے دوبارہ حلف کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ اس کام میں بڑا لطف آتا ہے اور اب ہم یہ حلف آہستہ آہستہ اٹھائیں گے۔‘  | اس کام میں بڑا لطف آتا ہے  ’ہم نے دوبارہ حلف کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ اس کام میں بڑا لطف آتا ہے اور اب کی بار ہم یہ حلف آہستہ آہستہ اٹھائیں گے۔‘  باراک اوباما |
صدر اوباما کے دوسرے حلف کے موقع پر وائٹ ہاؤس میں چند صحافی موجود تھے۔تاہم صحافیوں کو علم نہیں تھا کہ انہیں صدر کے دوسرے حلف کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے قانونی امور سے متعلق مشیر نے ایک خط میں کہا کہ دوبارہ حلف کا فیصلہ صرف احتیاط کو لحاظ میں رکھتے ہوئے کیا گیا۔ جورج واشنگٹن یونیورسٹی میں آئینی اور قانونی امور کے پروفیسر جوناتھن ٹرلی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک روایت ہے کہ حلف میں لفظوں کو ہو بہو اسی طرح پڑھا جاتا ہے جیسے کہ وہ لکھے گئے ہوں۔ ’اگر ایسا نہ ہو تو کوئی بھی صدر کسی بھی لفظ کو ادھر ادھر کر سکتا ہے۔ امریکہ کے صدر کا حلف پینتیس لفظوں پر مبنی ہے جس کو اسی ترتیب کے ساتھ پڑھنا چاہیے جیسی کہ وہ ہے۔ ‘ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ پہلے حلف کے الفاظ کی ترتیب تبدیل ہونے سے امریکہ میں کوئی آئینی بحران پیدا ہو گیا تھا لیکن یہ کہا جا سکتا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 2 کا تقاضا پورا نہیں ہوا تھا۔ پروفیسر جوناتھن کے مطابق صدر اوباما تیسرے ایسے امریکی صدر ہیں جنہوں نے ایک ہی عہدے کا حلف دوسری مرتبہ اٹھایا ہے لیکن وہ پہلے ایسے صدر ہیں جنہیں چیف جسٹس کی غلطی کے باعث دوسری مرتبہ حلف اٹھانا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام طور سے ماضی میں سپریم کورٹ کے تمام چیف جسٹس صدر کے حلف کے الفاظ دیکھ کر بولتے تھے لیکن موجودہ چیف جسٹس نے باراک اوباما کا حلف دیکھے بغیر یعنی زبانی پڑھا اور اس میں غلطی کر دی۔ |