 | | | باراک اوبامہ بیس جنوری کو صدارت کا حلف اٹھائیں گے |
واشنگٹن میں بیس جنوری کو باراک اوبامہ کے امریکی صدر کے عہدے کا حلف اٹھانے کے بعد پریڈ کے لیے نشستوں کی تمام ٹکٹیں صرف ایک منٹ کے اندر ہی فروخت ہوگئی ہیں۔ ٹکٹیں فروخت کرنے والی کمپنی کے مطابق پریڈ کی روُٹ پر کل پچاس ہزار نشستوں میں سے نوے فیصد ٹکٹیں انٹرنیٹ پر فوری طور فروخت ہوگئیں۔ ہر ٹکٹ کی قیمت پچیس ڈالر ہے۔ لیکن ایسا لگتا ہے کہ کچھ لوگ ان ٹکٹوں کو اب زیادہ قیمتوں پر فروخت کر رہے ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق واشنگٹن میں نیشنل مال پر لگ بھگ بیس لاکھ لوگ بیس جنوری کو صدر باراک اوبامہ کی پریڈ دیکھنے آئیں گے۔ حلف برداری کی تقریب کے لیے بیشتر نشستیں سفارت کاروں، قانون سازوں اور دیگر اہم شخصیات کے لیے مخصوص ہیں۔ لیکن پچاس ہزار ٹکٹیں یو ایس کیپٹول اور وائٹ ہاؤس کے درمیان پریڈ کے لیے تھیں جو کہ فروخت شروع ہوتے ہی ایک منٹ کے اندر بِک گئیں۔ حلف برداری کمیٹی کے مرکزی ترجمان لِنڈا ڈگلس نے کہا کہ لگتا ہے کہ کچھ لوگ پہلے سے ہی اپنے کمپیٹروں کے سامنے بیٹھے تھے کہ ٹکٹیں جلدی سے فروخت ہوگئیں۔ لِنڈا ڈگلس نے کہا کہ اس بات کی حوصلہ افزائی نہیں کی جاسکتی کہ کچھ لوگوں یہ ٹکٹیں خریدکر دوسروں کو زیادہ قیمتوں پر دوبارہ فروخت کریں۔ تاہم انٹرنیٹ پر خرید و فروخت کرانے والی کمپنی ’ای بے‘ کا کہنا ہے کہ ہے کہ یہ ٹکٹیں اب دس گنا زیادہ قیمت پر فروخت کی جارہی ہیں۔
|