 | | | اوبامہ ٹائم میگزین کے صفـحۂ اول پر |
معروف امریکی ہفتہ وار ’ٹائم‘ میگزین نے امریکہ کے نامزد صدر باراک اوباما کو اس سال کی بہترین شخصیت قرار دیا ہے۔ ٹائم میگزین کا کہنا ہے کہ اوباما کو یہ اعزاز اس لیے دیا گیا ہے کیونکہ ان کے اندر ایک ’تاریک موڑ پر پرعزم مستقبل کا خاکہ پیش کرنے کا اعتماد‘ موجود ہے۔ اسی اعزاز کے ساتھ باراک اوباما کی تصویر ٹائم میگزین کے انتیس دسمبر کے شمارے میں صفحۂ اول پر شائع کی گئی ہے۔ اوبامہ ٹائم میگزین کے صفحۂ اول پر گزشتہ دو برسوں میں پندرہ بار شائع ہوئے ہیں۔ حالیہ برسوں میں ٹائم میگزین کا یہ اعزاز حاصل کرنے والوں میں روسی رہنما ولادمیر پوتن، امریکی فوجی، جارج بش اور انٹرنیٹ کے صارفین شامل ہیں۔ اس موقع پر اوباما نے ٹائم کو ایک خصوصی انٹرویو بھی دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ اگر ان کے صدر بننے کے دو سال کے اندر خلیج گوانتانامو میں واقع امریکی حراستی مرکز بند ہوجاتا ہے تو وہ اسے اپنی کامیابی سمجھیں گے۔ نامزد امریکی صدر نے کہا کہ ان کی پالیسی ترجیحات میں قیدیوں سے تشدد کے ذریعے معلومات حاصل کرنے کے طریقے کا خاتمہ اور بینکاری کے اصولوں کی بہتری شامل ہیں تاکہ کسی نئے اقتصادی بحران کو پیدا ہونے سے روکا جاسکے۔ خلیجِ گوانتانامو میں حراستی مرکز بند کرنے کے اوبامہ کے بیان پر امریکہ کے موجود نائب صدر ڈِک چینی نے کہا ہے کہ انہیں یہ نہیں سمجھ میں آتا کہ جب تک دہشت گردی مخالف جنگ ختم نہیں ہوجاتی اوباما کی انتظامیہ کس ذمہ داری کے ساتھ ایسا کیسے کرپائے گی۔ ڈِک چینی نے واٹر بورڈِنگ کے متنازعہ طریقۂ کار کا بھی دفاع کیا جس میں قیدیوں کو پانی میں ڈبونے جیسے ایک عمل سے گزارا جاتا ہے تاکہ وہ خفیہ معلومات کا انکشاف کردیں۔ حقوق انسانی کی تنظیموں نے اس طریقۂ کار کو غیرانسانی قرار دیا ہے۔ سال کی بہترین شخصیت کی ٹائم میگزین کی فہرست میں باراک اوباما کے بعد چار افراد رنراپ رہے۔ ان میں امریکہ کے وزیر خزانہ ہینری پولسن، فرانس کے صدر نِکولا سرکوزی، حالیہ امریکی انتخابات میں ریپبلِکن پارٹی کی جانب سے نائب صدارت کی امیدوار سارہ پیلِن اور بیجنگ اولیمپِک کی اہم شخصیت اور فلم ساز جانگ ای مو شامل ہیں۔ |