چینی امدادی پیکج، بازار پر مثبت اثر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چین کی جانب سے معاشی ترقی کی رفتار میں اضافے کے لیے امدادی پیکج کے اعلان کا ایشیائی بازارِ حصص پر مثبت اثر دیکھنے میں آیا ہے اور پیر کو کاروبار کے آغاز پر جاپان، چین اور ہانگ کانگ میں شیئر بازاروں میں تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔ چین نے اپنی معیشت کی سست رفتار کو تیز کرنے کے لیے اتوار کو پانچ سو چھیاسی ارب ڈالر مالیت کے امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا جس میں سے بڑی رقم آئندہ دو برس کے دوران ہاؤسنگ، انفراسٹرکچر اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو پر خرچ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ چین نے کمپنی ٹیکس میں بھی نمایاں کمی کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ بینک بھی دیہی ترقی اور تکنیکی شعبہ جات میں زیادہ آسان قرضے فراہم کریں گے۔ ان اقدامات کے نتیجے میں جب پیر کو بازارِ حصص کھلا تو شنگھائی کے مجموعی انڈیکس میں پانچ فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا اور بینکوں، سٹیل اور تعمیراتی کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا۔ یہ وہ کمپنیاں ہیں جو چینی حکومت کے امدادی پیکج سے بلاواسطہ فائدہ اٹھائیں گی۔ چین کے علاوہ جاپان کے نکی انڈیکس میں بھی دوپہر تک پانچ اعشارہ چار نو فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ ہانگ کانگ کے بازارِ حصص میں بھی پانچ اعشاریہ چھ فیصد کی بہتری دیکھنے میں آئی۔ تاہم اس بہتری کے باوجود ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ امدادی پیکج بھی چین کو عالمی مالیاتی بحران کے اثرات سے مکمل طور پر نہیں بچا سکے گا تاہم اس سے چینی معیشت کے بچاؤ میں کچھ مدد ضرور ملے گی۔ آئی ایم ایف کے مینیجگ ڈائریکٹر ڈومینک سٹراس کان نے چینی حکومت کے اس پیکج کو ’ ایک بڑی امداد‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ’ اس کا اثر نہ صرف عالمی معیشت پر ہوگا بلکہ چینی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑیں گے اور یہ عدم توازن کے خاتمے کی کوششوں کے لیے ایک اچھی خبر ہے‘۔ یاد رہے کہ اس سال کی تیسری سہ ماہی میں چین کی سالانہ شرحِ ترقی کم ہو کر نو فیصد رہ گئی ہے جو کہ گزشتہ پانچ برس کی کم ترین سطح ہے۔ انہیں حالات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے چینی حکومت نے حالیہ ہفتوں میں دو مرتبہ شرحِ سود میں کمی بھی کی ہے۔ | اسی بارے میں شرح سود میں کمی، حصص میں تیزی29 October, 2008 | آس پاس دنیا کے حصص بازاروں میں کہرام24 October, 2008 | آس پاس جاپان کی حصص مارکیٹ میں مندی23 October, 2008 | آس پاس عالمی بازارِ حصص پر خوف کے سائے10 October, 2008 | آس پاس حصص بازاروں میں مندی جاری09 October, 2008 | آس پاس حصص:پہلے مندی پھر کچھ بہتری07 October, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||