باراک اوبامہ یا جان مکین: فیصلے کا دن | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ میں منگل کو ملک کی تاریخ کے چھپنوے صدارتی انتخاب میں ووٹ ڈالے جا رہے ہیں جبکہ آخری دن تک کیئے جانے والے رائے عامہ کے جائزوں میں ڈیموکریٹ پارٹی کے صدارتی امیدوار باراک اوبامہ کو اپنے مدمقابل ریپبلیکن امیدوار جان مکین پر واضح برتری حاصل ہے۔ امریکہ میں صدارتی انتخابات کو یوں تو ہمیشہ ہی تاریخ ساز قرار دیا جاتا رہا ہے لیکن سن دو ہزار آٹھ میں ہونے والے ان انتخابات کو خصوصی تاریخی حیثیت حاصل ہے۔ ان انتخابات میں پہلی مرتبہ باراک اوبامہ نے سیاہ فاہم ہونے کے ناطے ڈیموکریٹ پارٹی کی طرف سے صدارتی امیدوار نامز ہو کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔ باراک اوبامہ اگر منگل کو ہونے والا انتخابی معرکہ مار لیتے ہیں تو وہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے پہلے سیاہ فام صدر ہونے کا اعزاز حاصل کریں گے۔ دوسری صورت میں سارا پیلن جو ریپبلیکن پارٹی کی نائب صدر کی امیدوار ہیں امریکہ کی تاریخ کی پہلی خاتون نائب صدر ہوں گی۔ رائے عامہ کے جائزوں مطابق امریکی عوام حالیہ اقتصادی بحران کی وجہ سے پژمردگی کی کیفیت میں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس سے قبل امریکی تاریخ میں کبھی بھی انتخابات کے موقع پر حکمران پارٹی اور اس کا صدر اس قدر غیر مقبول نہ تھے جتنے کے آج ہیں۔ باراک اوبامہ جنہوں نے بلاشبہ گزشتہ مہینوں میں ایک بڑی منظم اور مہنگی انتخابی مہم چلائی ہے اگر جیت جاتے ہیں تو ان کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ صدر بش اور ان کی پالیسیوں سے لوگوں میں پائی جانےوالی بدلی ہو گی۔ صدر جارج بش کی غیر مقبول پالیسیوں نے جان مکین کی صدارتی مہم کو بھی انتہائی مشکل بنا دیا تھا اور انہوں نے صدر بش کی پالیسیوں سے اپنے آپ کو علیحدہ رکھنے کی بڑی کوشش کی۔ ان انتخابات میں جو بھی کامیابی حاصل کرے اسے ملک کی تاریخ کے بدترین اقتصادی بحران سے نمٹنے کے علاوہ عراق اور افغانستان میں جاری جنگوں کے پیچیدہ معاملات کا سامنا ہو گا۔ انتخابی مہم کے آخری دن دونوں امیدواروں نے انتہائی مصروف دن گزارا۔ جان مکین ملک کے طول و ارض میں ہزاروں میل کا سفر کر کے سات اہم ریاستوں کا دورہ کیا۔ جبکہ باراک اوبامہ نے فلوریڈا سمیت تین بڑی ریاستوں میں ووٹرز سے خطاب کیا۔ فلوریڈا میں جہاں سخت مقابلہ ہونے کی توقع ہے باراک اوبامہ کے حامیوں نے ان کا زبردست استقبال کیا۔ باراک اوبامہ نے اکیس ماہ پر طویل اپنی انتخابی مہم کے دوران ایک لاکھ میل کا سفر کیا، ستر کروڑ ڈالر خرچ کیئے اور دس لاکھ سے زیادہ لوگوں سے خطاب کیا۔ فلوریڈا کی ریاست میں جس کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ صدارتی معرکے میں فیصلہ کن کردار ادا کرئے گی قبل از وقت ووٹنگ، ووٹ ڈالے جانے کے تناسب سے بڑی کامیاب رہی ہے۔ چار سال قبل صرف بیس فیصد لوگوں نے انتخاب سے قبل اپنا ووٹ ڈالا تھا۔ اس مرتبہ چار نومبر پولنگ کے دن تک اس شرح میں دو گنا اضافہ ہونے کی توقع ہے اور دوسری ریاستوں میں بھی یہ ہی رجحان ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس مرتبہ امریکی عوام میں صدارتی انتخابات کے بارے میں کس قدر دلچسپی پائی جاتی ہے۔ دوسری کئی ریاستوں کی طرح فلوریڈا میں ڈیموکریٹ پارٹی کے ووٹروں نےبڑی تعداد میں قبل از ووٹنگ کی سہولت سے فائدہ اٹھایا ہے۔ پولنگ سٹیشنوں کے باہر لمبی قطاروں میں زیادہ تر اوبامہ کے حامی نوجوان کھڑے ہوئے دکھائی دیئے۔ پولنگ کے دن سے قبل ڈالے جانے والے ووٹوں کی تعداد سے ماہرین حیران ہیں۔ گو کہ ڈیموکریٹ پارٹی بڑی تعداد میں اپنے ووٹروں کو ووٹ ڈالنے پر آمادہ کرنے میں کامیاب رہی ہے لیکن ریپبلیکن پارٹی پولنگ والے دن اپنے حامیوں کو پولنگ سٹیشنوں تک کھینچ لانے کے بارے میں مشہور ہے۔ جان مکین اپنی انتخابی مہم ختم کرکے اپنی آبائی ریاست ایریزونا پہنچ گئے ہیں۔ انتخاب سے ایک دن قبل انہوں نے سات ریاستوں کا دورہ کیا اور وہ اپنی جیت کے بارے میں خاصے پر امید ہیں۔ اپنی مہم کے آخری دن انہوں نے اپنے مدمقابل کی ناتجربہ کاری اور اپنے وسیع تجربے کو اپنی تقاریر کو موضوع بنائے رکھا۔ دوسری طرف ان کے ساتھ نائب صدر کی امیدوار سارا پیلن کو اپنے اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن سے ایک دن قبل باراک اوبامہ کو اپنی نانی کے انتقال کی خبر ملی۔ باراک اوبامہ کی پروش ان کی نانی نے کی تھی اور وہ انہیں اپنی زندگی کا ایک اہم ترین کردار قرار دیتے ہیں۔ جان مکین اور ان کی بیوی سنڈی نے باراک اوبامہ کی نانی کے انتقال پر ایک تعزیاتی پیغام بھیجا۔ امریکی جریدے یو ایس ٹوڈے اور گیلپ کے سوموار کو شائع ہونے والے ایک سروے کہا گیا کہ باراک اوبامہ کو جان مکین پر گیارہ پوائنٹس کی سبقت حاصل ہے۔ دیگر جائزوں میں کہا گیا کہ باراک اوبامہ جان مکین سے گیارہ سے پندرہ پوائنٹس آگے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||