بنگلہ دیش: شیخ حسینہ رہا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بنگلہ دیش میں حزب اختلاف کی رہنما اور سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کو بیرون ملک میں علاج کے لیے رہا کر دیا گیا ہے۔ شیخ حسینہ بدعنوانی کے الزام میں گرفتار تھیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ انہیں آٹھ ہفتے کی پیرول پر رہا کیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شیخ حسینہ علاج کے لیے امریکہ جائیں گی جہاں ان کے بچے رہائش پذیر ہیں۔ توقع ہے کہ وہ جمعرات کے روز امریکہ روانہ ہونگی۔ رہائی کے بعد شیخ حسینہ پارلیمان کے احاطے میں قائم خصوصی جیل سے ڈھاکہ میں اپنی رہائش گاہ منتقل ہو گئیں۔ ان کی جماعت عوامی لیگ کے ایک کارکن نے بی بی سی کو بتایا کہ ایک سال کی حراست میں شیخ حسینہ کی صحت کافی بگڑی ہے۔ پچھلے سال اپریل میں حکومت نے پہلے شیخ حسینہ کو وطن واپس آنے سے روکنے کی کوشش کی تھی لیکن بعد میں انہیں واپس آنے کی اجازت دی گئی اور ان کی واپسی پر انہیں گرفتار کر لیا تھا۔ بنگلہ دیش میں حزب مخالف بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما خالدہ ضیاء کو بھی حراست پر رکھا ہوا ہے۔ خالدہ ضیاء کو بھی حکومت نے پیشکش کی تھی کہ اگر وہ علاج کے لیے بیرون ملک جانا چاہیں تو انہیں بھی رہا کیا جا سکتا ہے تاہم خالدہ ضیاء نے یہ پیشکش مسترد کر دی تھی۔ بنگلہ دیش میں عام انتخابات دسمبر میں ہونگے۔ حکومت کو کوشش رہی ہے کہ کسی طرح سے ان دونوں رہنماؤوں سمیت بیشتر سیاستدانوں کو انتخابات میں شریک ہونے سے روک دے۔ اس وقت بنگلہ دیش میں سینکڑوں سیاستدان حراست میں ہیں اور ان پر بدعنوانی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ | اسی بارے میں شیخ حسینہ پر بدعنوانی کا مقدمہ13 January, 2008 | آس پاس ’شیخ حسینہ زیرِ حراست رہیں گی‘27 August, 2007 | آس پاس شیخ حسینہ کاحکومت پرمقدمہ29 July, 2007 | آس پاس شیخ حسینہ: واپسی کی اجازت25 April, 2007 | آس پاس شیخ حسینہ کے خلاف قتل کا مقدمہ11 April, 2007 | آس پاس بنگلہ دیش: الیکشن 18 ماہ بعد05 April, 2007 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||