 | | | شیخ حسینہ اس وقت امریکہ میں ہیں |
بنگلہ دیش میں پولیس نے سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے خلاف قتل کا ایک مقدمہ درج کیا ہے۔ اس مقدمے کی سماعت بائیس اپریل کو ہوگی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ حسینہ گزشتہ اکتوبر ڈھاکہ میں ایک مخالف سیاسی جماعت کے چار کارکنوں کے قتل کی منصوبہ سازی میں ملوث تھیں۔ پولیس نے شیخ حسینہ کے علاوہ ان کی جماعت عوامی لیگ کے چھیالیس کارکنوں کے خلاف بھی مقدمہ دائر کیا ہے۔ گزشتہ جنوری میں جب بنگلہ دیش کی موجودہ عبوری حکومت نے ایمرجنسی نافذ کی تھی، شیخ حسینہ ملک سے باہر چلی گئیں۔ انہوں نے بی بی سی کو بتایا کہ وہ بہت جلد ملک واپس آئیں گی۔ شیخ حسینہ کا کہنا ہے کہ عبوری حکومت انہیں ڈرانے دھمکانے کی کوشش کررہی ہے۔ نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس بات کا امکان نہیں کہ فوج کی حمایت یافتہ عبوری حکومت کے اشارے کے بغیر شیخ حسینہ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہو۔ شیخ حسینہ کے خلاف مقدمہ ایسے وقت درج کیا گیا ہے جب عبوری حکومت نے دوسری سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کی نقل و حرکت پر پابندیاں عائد کردی ہیں۔ ان کے بیٹے کو کرپشن کے الزام میں گرفتار بھی کیا گیا ہے۔ امریکہ سے بی بی سی بنگالی سروس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں شیخ حسینہ نے کہا کہ وہ ٹکٹ ملتے ہی پہلی فلائٹ سے بنگلہ دیش واپس آنے والی ہیں۔ عبوری حکومت نے اس سال جنوری میں ہونے والے عام انتخابات ملتوی کردی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن اس وقت تک نہیں ہوسکتے جب تک ملک میں کرپشن سے نہیں نمٹا جاتا۔
|