برما میں طوفان سے پچیس لاکھ متاثر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ برما میں بارہ دن قبل آنے والے سمندری طوفان سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک اندازے کے مطابق پچیس لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ اس سے قبل اقوامِ متحدہ نے کہا تھا کہ انداراً پندرہ لاکھ افراد طوفان سے متاثر ہوئے ہیں۔ طوفان کو قریباً دو ہفتے ہونے کو ہیں تاہم تاحال برما میں فوجی حکومت نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے بہت کم غیر ملکی امدادی کارکنوں کو آنے کی اجازت دی ہے۔ برما کے حکام کے مطابق اس طوفان سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد تازہ ترین اعدادوشمار کے حساب سے اڑتیس ہزار پانچ سو ہے جبکہ ستائیس ہزار آٹھ سو اڑتیس تاحال لاپتہ ہیں۔ اس کے برعکس عالمی ریڈ کراس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ طوفان سے قریباً ایک لاکھ اٹھائیس ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ برما کی فوجی حکومت کی جانب سے بظاہر عدم تعاون کے باوجود اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ نے امداد کی فراہمی سے زیادہ وقت اس کے انتظام میں صرف کیا ہے۔ تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’ اگرچہ(برمی) حکومت نے کچھ لچک کا مظاہرہ کیا ہے لیکن موجودہ حالات میں یہ بہت کم ہے‘۔ ادھر تھائی لینڈ کے رہنما سماک سندراویج نے برمی حکام سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ برما کی حکومت یہ ماننے کو تیار نہیں کہ انہیں بیرونی امداد درکار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ’ انہوں(برمی وزیراعظم) نے اصرار کیا کہ وہ اس مسئلے سے خود ہی نمٹ سکتے ہیں‘۔
اقوامِ متحدہ نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ برمی حکام نے حفاظتی چوکیوں پر نگرانی سخت کر دی ہے تاکہ غیر ملکیوں کو ملک میں داخل ہونے سے روکا جا سکے۔ ادارے کے شعبۂ انسانی امداد کے سربراہ جان ہومز کے مطابق اگرچہ اس وقت سو کے قریب بین الاقوامی امدادی کارکن برما میں موجود ہیں لیکن انہیں امداد بانٹنے کے لیے ایراوڈی طاس کے شدید متاثرہ علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں۔ برما میں مقامی آبادی نے بی بی سی کی برمی سروس کو بتایا ہے کہ لوگوں نے اپنی گاڑیوں میں پانی اور اشیائے خوردونوش بھر کے متاثرہ علاقے تک لے جانے کی کوشش کی ہے تاہم فوجیوں نے یہ سامان قبضے میں لے لیا ہے۔ بی بی سی کے ایک نامہ نگار کے مطابق ایک ایسے تباہ شدہ گاؤں میں جہاں چار سو میں سے صرف ایک چوتھائی مکانات باقی بچے ہیں ابھی امداد کے طور پر چاول کی صرف ایک بوری پہنچ سکی ہے۔ |
اسی بارے میں یو این کی امداد برما پہنچ گئی08 May, 2008 | آس پاس ’ریفرنڈم کی بجائے امداد پر توجہ دیں‘08 May, 2008 | آس پاس برما: امداد بحال کرنے کا فیصلہ 09 May, 2008 | آس پاس امداد میں رکاوٹ نہ ڈالیں: اقوامِ متحدہ10 May, 2008 | آس پاس برما:طوفان کے بعد بحران کا سامنا11 May, 2008 | آس پاس پابندیوں میں نرمی، امداد پہنچنا شروع12 May, 2008 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||