نجی محافظوں کی فائرنگ، دو ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
عراقی دارالحکومت بغداد کے وسطی علاقے میں نجی محافظوں کی جانب سے فائرنگ کے واقعے میں دو عراقی خواتین ہلاک ہوگئی ہیں۔ عراقی ذرائع کے مطابق یہ نہتی خواتین ایک کار میں سوار تھیں جس پر سکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کی۔ دبئی سے تعلق رکھنے والی ایک سکیورٹی کمپنی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کے گارڈز نے اپنی جانب بڑھنے والی ایک کار کو رکنے کو کہا اور اس کے نہ رکنے پر گولی چلائی۔ بی بی سی نیوز کو جاری کردہ ایک بیان میں یونٹی ریسورس گروپ کا کہنا ہے کہ انہیں ان ہلاکتوں پر افسوس ہے۔ بیان کے مطابق’ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہماری سکیورٹی ٹیم نے اپنی جانب تیزی سے آتی گاڑی کو ہاتھ کے اشاروں اور ہوا میں فائر کر کے بارہا رکنے کو کہا تاہم وہ نہیں رکی جس پر کار کو روکنے کے لیے اس پر فائر کیا گیا‘۔ کمپنی کے مطابق وہ عراقی حکام کے ساتھ مل کر اس واقعے کے تحقیقات کر رہی ہے اور حالات واضح ہونے پر ہی مزید معلومات فراہم کی جا سکتی ہیں۔ بغداد میں بی بی سی کے نمائندے جان برائن کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں کا یہ واقعہ کرادا ڈسٹرکٹ میں پیش آیا ہے جسے نسبتاً محفوظ علاقہ تصور کیا جاتا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نقاب پوش سکیورٹی گارڈز نے کار پر پہلے دھوئیں کا بم پھینکا اور پھر فائرنگ کی جس سے کار میں سوار دو خواتین ہلاک اور ایک زخمی ہوگئی۔ عینی شاہد عمار فلاح نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ ’محافظوں نے کار کی خاتون ڈرائیور کو رکنے کا اشارہ کیا اور جب وہ نہ رکی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی جس سے وہ اور اس کی ساتھی خاتون ہلاک ہو گئیں‘۔عمار کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہلاک ہونے والی دونوں خواتین کے سر میں گولیاں لگیں جبکہ کار کی پچھلی نشست پر موجود دو بچے محفوظ رہے۔ مرنے والی دونوں خواتین کا تعلق عراق کی عیسائی اقلیت سے تھا اور ان کی عمریں اڑتالیس اور تیس برس تھیں۔عراقی حکومت کے ترجمان علی الدباغ کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ | اسی بارے میں عراق:’شہریوں پر فائرنگ بلاجواز‘08 October, 2007 | آس پاس عراق میں دو دھماکے، 19 ہلاک09 October, 2007 | آس پاس ’بلیک واٹر‘ کے خلاف تحقیقات23 September, 2007 | آس پاس امریکی سفارتکار، زمینی سفرپر پابندی19 September, 2007 | آس پاس شہریوں پر حملہ، تحقیقات ہوں گی18 September, 2007 | آس پاس قاتلوں کو نہیں چھوڑیں گے: بریمر01 April, 2004 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||