کوریائی باشندوں کی رہائی کی امید | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
افغانستان میں اغواء ہونے والے کوریا کے باشندوں کی بازیابی کے لیے جاری مذاکرات کے بارے میں طالبان کے نمائندوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس مسئلے کا بہت جلد مثبت حل نکل آئے گا۔ جنوبی کوریا کے سرکاری وفد سے براہ راست مذاکرات کے دوسرے روز طالبان مذاکرات کاروں نے کہا ہے کہ وہ حل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ طالبان کوریا کے مغوی باشندوں کی بازیابی کے عوض کابل حکومت کی قید میں اپنے چند ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے عیسائی امدادی کارکنوں کو گزشتہ ماہ اغواء کر لیا گیا تھا۔ طالبان پہلے ہی دو اغواء شدگان کو کو ہلاک کر چکے ہیں۔ جنوبی کوریا کے سرکاری وفد کی طالبان سے افغانستان کے جنوبی شہر غزنی میں بات چیت ہو رہی ہے۔ افغان حکومت نے دو طالبان رہنماؤں کی حفاطت کی یقین دہانی کرائی تھی تاکہ وہ جنوبی کوریا کے وفد سے ملاقات کے لیے آ سکیں۔ ان میں شامل ملا قاری بشیر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ’ہم مذاکرات کی کامیابی کے بارے میں پر امید ہیں۔‘ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے چند ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں اور اگر یہ مطالبہ تسلیم کر لیا گیا تو پھر وہ تمام مغویوں کو حکام کے حوالے کر دیں گے۔ ملا بشیر نے کہا کہ طالبان کابل حکومت کی قید میں اپنے ساتھیوں کے بارے میں اسی طرح کے جذبات رکھتے ہیں جس طرح جنوبی کوریا کے حکام اور عوام اپنے اغواء شدہ باشندوں کے بارے میں محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کے قبضے میں جنوبی کوریا کے تمام باشندے خیریت سے ہیں۔ طالبان نے انیس جولائی کو کابل سے قندھار کے راستے پر جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والی ایک عیسائی امدادی تنظیم کے تیئس کارکنوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ ان میں سے گروپ کے سربراہ اور ایک اور مغوی کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ افغان حکومت نے جسے ماضی میں بھی طالبان سے اغواء شدہ شہریوں کی رہائی کے عوض ان کے مطالبات تسلیم کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اب کوریا کے باشندوں کی بازیابی کے لیے طالبان قیدیوں کو رہا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ خیال کیا جاتا ہے کہ اغواء شدہ جنوبی کوریا کے باشندوں کو مختلف گروپوں میں غزنی شہر سے کئی میل دور کسی گاؤں میں رکھا گیا ہے۔ | اسی بارے میں غزنی:دوسرے مغوی کی لاش برآمد31 July, 2007 | آس پاس کرزئی، بش سکیورٹی مذاکرات06 August, 2007 | آس پاس بش افغانستان کی پیشرفت کے معترف06 August, 2007 | آس پاس ’موت کے ذمہ دار کرزئی،بُش ہونگے‘06 August, 2007 | آس پاس طالبان کا خاتمہ کر دیں گے: بش، کرزئی07 August, 2007 | آس پاس کوریائی سربراہان کی تاریخی ملاقات08 August, 2007 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||