 | | | روس اور امریکہ کے اختلافات میں کمی کا امکان ہیں ہے |
جی ایٹ ممالک کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر جمعرات کو روس اور مغرب کے تعلقات اور ماحولیاتی تبدیلی پر اختلافات سرفہرست ہیں۔ جی ایٹ کے رہنماؤں کی جرمنی میں آمد سے قبل ہی امریکہ نے انکار کردیا ہے کہ وہ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کم کرنے کے کسی ایسے معاہدے پر دستخط کرے گا جس کے اہداف سخت ہیں۔ جرمنی اس سال ترقی یافتہ ممالک کی تنظیم جی ایٹ کی سربراہی کررہا ہے۔ جرمنی کی چانسلر انگیلا مرکیل کی پوری کوشش ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے معاہدے پر رکن ممالک اتفاق کرلیں۔بی بی سی کے نامہ نگار جیمز روبِنس کا کہنا ہے کہ دنیا کے طاقتور رہنماؤں کی ملاقاتیں مشکل ہوتی ہیں لیکن یہ ملاقات کچھ زیادہ ہی مشکل ہے۔ روس نے دھمکی دی ہے کہ اگر امریکہ پولینڈ اور چیکوسلواکیہ میں اپنا میزائل شیلڈ قائم کرتا ہے تو یورپ بھی روسی میزائلوں کے نشانے پر ہوگا۔ جرمنی پہنچنے پر صدر جارج بش نے امریکی موقف میں نرمی دکھانے کی کوشش کی۔  | | | گلوبلائزیشن مخالف مظاہرین ہزاروں کی تعداد میں پہنچے ہیں | جارج بش نے کہا: ’روس یورپ پر حملہ نہیں کرنے جارہا ہے۔‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’روس ایک دشمن ملک نہیں ہے۔ کسی فوجی جواب کی ضرورت نہیں ہے، ہم روس کے ساتھ حالت جنگ میں نہیں ہیں، روس ایک خطرہ نہیں ہے۔‘صدر بش نے جرمنی پہنچنے سے قبل روسی صدر ولادمیر پوتن پر تنقید کی تھی کہ وہ روس میں اصلاحات کی کوششوں کو کچل رہے ہیں۔ لیکن جرمنی پہنچنے پر اپنے موقف میں نرمی اپناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوویت یونین کے دور سے روسی معاشرہ کافی آگے بڑھ گیا ہے۔ امریکی صدر جی ایٹ کانفرنس کے دوران روسی صدر ولادمیر پوتن سے علیحدہ بھی ملاقات کرنے والے ہیں اور امید کی جارہی ہے کہ وہ انہیں یقین دلانے کی کوشش کرینگے کہ یورپ میں امریکی میزائل شیلڈ سے روس کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔ صدر پوتن نے اس موقف کو مسترد کردیا ہے کہ میزائل شیلڈ کا مقصد ایران اور شمالی کوریا سے یورپ کا دفاع ہے۔ برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے بھی بدھ کے روز اس موضوع کو چھیڑتے ہوئے کہا کہ روس کے لیے مغرب کے ساتھ بہتر تعلقات کی ضرورت ہے اور وہ روسی صدر سے یورپ اور روس کے تعلقات کی حالت کے بارے میں ’کھلی گفتگو‘ کرینگے۔ جی ایٹ کے سربراہی اجلاس کے ایجنڈے پر دوسرا اہم موضوع ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق ایک معاہدے پر اتفاق کرنا ہے۔ لیکن صدر جارج بش کے جرمنی پہنچنے سے قبل ہی ان کے ایک ترجمان نے یہ کہا کہ اگرچہ ایسے معاہدے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے لیکن امریکہ کو اس بات پر یقین نہیں ہے کہ جی ایٹ گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج سے متعلق کوئی اہداف طے کرے گا۔ اجلاس کے موقع پرگلوبلائزیشن مخالف کئی ہزار مظاہرین اکٹھا ہیں۔ لگ بھگ چھ ہزار مظاہرین سے نمٹنے کے لیے تقریبا سولہ ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ |