 | | | وزیراعظم ٹونی بلیئر نے ڈاؤننگ سٹریٹ پر یومِ اختتام غلامی کے سلسلے میں ایک تقریب منعقد کی |
برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے غلاموں کی تجارت میں برطانیہ کے ملوث رہنے پر افسوس اور تاسف کا اظہار کیا ہے لیکن اس بات پر پوری معافی مانگنے سے گریز کیا ہے۔ وزیراعظم بلیئر پر چرچ کے رہنماؤں اور حقوق انسانی کے لیے کام کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل دباؤ تھا کہ غلاموں کی تجارت میں برطانیہ کے ملوث رہنے پر باقاعدہ مکمل معافی مانگیں۔برطانیہ کی جانب سے غلاموں کی تجارت ترک کرنے کے دوسو سال کی تکمیل پر گھانا میں ہونے والی تقریبات کے سلسلے میں جاری کیے جانے والے پیغام میں ٹونی بلیئر نے کہا ہے کہ زیادہ توجہ عہدِ جدید کی غلامی پر دی جانی چاہیے۔ جمیکا میں اس حوالے سے ہونے والی تقریب میں ان لوگوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جنہیں یا تو قتل کر دیا گیا یا ان سے اس قدر کام لیا گیا کہ ان کی موت واقع ہو گئی۔ اندازہ ہے کہ پندرھویں سے انیسویں صدی کے درمیان بارہ ملین کے لگ بھگ افریقیوں کو یورپی جہازوں کے ذریعے زبردستی بحرِ اوقیانوس کے اس پار لایا گیا اور ان کی اکثریت کو ـبری مشقت کے لیے امریکی فارم مالکان کے ہاتھ فروخت کیا گیا۔ |