PIA کے بارے یورپ میں تشویش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے بیڑے میں شامل بیشتر جہازوں کو یورپی یونین کی طرف سے اس کے ستائیس رکن ممالک میں پرواز کے لیے غیر موزوں قرار دیے جانے کا امکان ہے۔ اطلاعات کے مطابق یورپی یونین سے تعلق رکھنے والے ایوی ایشن کے ماہرین پر مشتمل ایک کمیٹی نے جمعہ کو برسلز میں ہونے والے اپنے ایک اجلاس میں کہا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے بیڑے میں شامل چالیس میں سے تینتیس جہاز فضائی سفر کے بین الاقوامی حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتے۔ پی آئی اے کے جہاز فرانس، برطانیہ، ہالینڈ اور اٹلی سمیت یورپ کے کئی ممالک کے لیے پرواز کرتے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے یورپی یونین کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے کے صرف سات جہازوں کو یورپ میں پرواز کرنے کی اجازت ہو گی، جبکہ باقی تمام کو ’بلیک لِسٹ‘ کیے جانے کا امکان ہے۔
رائٹرز کے مطابق کراچی میں پی آئی اے کے ترجمان نے اس صورتحال پر یہ کہہ کر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا کہ وہ اس وقت تک کوئی بات نہیں کریں گے جب تک کہ یورپی یونین کی طرف سے انہیں تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا جاتا۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ماہرین کی آراء سامنے آنے کے بعد معاملے کو عام طور پر دس روز کے اندر یورپی کمیشن میں زیر بحث لایا جاتا ہے اور اس کی طرف سے کیا گیا فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہوتا ہے۔ برسلز میں ایک پاکستانی سفارتکار نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی اے یورپی یونین کے اعتراضات دور کرنے کی پوری کوشش کر رہا ہے، جو زیادہ تر دیکھ بھال اور پرانے جہازوں کے بارے میں ہیں۔ جمعہ کو پاکستان کی قومی اسمبلی میں بھی پی آئی اے کی کارکردگی پر بحث ہوئی تھی اور وزیر دفاع راؤ سکندر اقبال نے ایوان کو بتایا تھا کہ پچھلے چھ ماہ میں قومی ایئر لائن کی اندرون و بیرون ملک جانے والی 863 پروازیں فنی، تجارتی اور آپریشنل وجوہات کی بنا پر منسوخی یا تاخیر کا شکار ہوئیں۔ یورپی حدود میں فضائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے یورپی یونین نے پچھلے سال تقریباً سو کے قریب ایئر لائنز پر پابندی لگائی تھی، جن میں سے اکثریت کا تعلق افریقی ممالک سے تھا۔ | اسی بارے میں پاکستان میں فوکر طیاروں کے حادثے 10 July, 2006 | پاکستان پی آئی اے کا طیارہ تباہ، پنتالیس ہلاک10 July, 2006 | پاکستان پاکستان کی مقروض ہوائی کمپنیاں03 February, 2005 | پاکستان پاکستان: طیارے ٹکرانے سے بچ گئے23 December, 2004 | پاکستان پی آئی اے فلائٹ، برطانوی الرٹ19 November, 2004 | پاکستان پی آئی اے: طیارے کے انجن میں آگ06 September, 2004 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||