BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Saturday, 17 February, 2007, 11:29 GMT 16:29 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
دو ہزارخودکش بمبار تیار ہیں: طالبان

طالبان کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے: گورنر سرحد
طالبان نے دعوٰی کیا ہے کہ انہوں نے موسم بہار میں اتحادی افواج پر حملوں کے لیے تقریباًً دس ہزار جنگجو تعینات کیے ہیں جبکہ دوہزار خودکش بمبار حملوں کے لیے تیار بیٹھے ہیں۔

دریں اثناء پاکستان میں صوبہ سرحد کے گورنر علی محمد جان اورکزئی نے کہا ہے کہ طالبان کی مزاحمت ’جنگ آزادی‘ کی شکل اختیار کرتی جارہی ہے اور افغانستان میں انہیں عوام کی پہلے سے زیادہ حمایت حاصل ہوگئی ہے۔

طالبان کے ترجمان قاری محمد یوسف نے افغانستان کے ایک نامعلوم مقام سے سیٹلائٹ پر بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہ دس ہزار طالبان جنگجو جنوبی افغانستان کے صوبے ہلمند میں تعینات کیے گئے ہیں۔ ان کے بقول دو ہزار خود کش بمبار بھی تیار ہیں جبکہ تین ہزار مزید خودکش حملہ آور تربیت کے مرحلے میں ہیں۔

طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سالوں کے مقابلے میں اس سال طالبان کے اسلحے اور دیگر جنگی سازو سامان میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اس سال ہم نے ہلکے ہتھیاروں کے علاوہ توپیں اور میزائل بھی حاصل کئے ہیں جو افغانستان ہی میں خریدے گئے ہیں‘۔

ترجمان نے بتایا کہ اس سال کی جنگی حکمت عملی افغانستان کے مختلف علاقوں کی صورتحال کو مدنظر رکھ کرتشکیل دی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا ’کابل میں دھماکے اور خود کش حملے کیے جائیں گے جبکہ جنوبی اور مشرقی افغانستان میں گوریلا جنگ پر زیادہ انحصار کیا جائے گا‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی افغانستان میں آج کل بھی اتحادی افواج کے درمیان جھڑپیں بعض اوقات دو روز تک مسلسل جاری رہتی ہیں جس سے طالبان کے مورال میں اضافے کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ افغانستان میں تعینات پینتالیس ہزار غیر ملکی افواج کو گزشتہ سال طالبان کی طرف سے خاصی مزاحمت کا سامنا کر نا پڑا تھا جبکہ نیٹو نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سال موسم بہار میں طالبان کی مزاحمت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

طالبان
کابل میں دھماکے اور خود کش حملے کیے جائیں گے: طالبان

امریکی صدر جارج ڈبلیو بش نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ کوہ ہندوکش پر پڑی برف کے پگھلنے کے ساتھ ہی طالبان کے حملوں میں اضافہ ہو جائے گا۔ انہوں نے نیٹو سے مطالبہ کیا تھا کہ افغانستان میں مزید فوج بھیجی جائے۔

افغانستان میں نیٹو کے سبکدوش سربراہ جنرل ڈیوڈ رچرڈ نے کہا تھا کہ طالبان کی مزاحمت سے نمٹنے کے لیے نیٹو کو چار یا پانچ ہزار مزید فوجیوں کی ضرورت ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق پشاور میں غیر ملکی صحافیوں سے ملاقات میں صوبہ سرحد کے گورنر علی جان اورکزئی نے کہا ہے کہ افغانستان میں جاری مزاحمت کاری میں سرحد پار حملہ آوروں کا بہت معمولی ہاتھ ہے۔

کہا جارہا ہے کہ سرحد کے گورنر کی جانب سے طالبان کی حمایت میں اضافے کے بیان سے پاک افغان کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین افغانستان میں بڑھتی مزاحمت کاری کے ذمہ دار عناصر کے حوالے سے پہلے ہی ’لفظوں کی جنگ‘ جاری ہے۔

علی جان اورکزئی نے کہا ہے کہ طالبان مزاحمت کاروں کو شکست دینے کے لیے کئی سال کا عرصہ درکار ہے اور ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کابل حکومت اور اس کے بیرونی حامیوں کو ایک نہ ایک دن طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنے ہوں گے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد