امریکہ میں پہلی خاتون سپیکر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈیموکریٹ پارٹی کی کامیابی سے امریکی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایوان نمائندگان میں ایک خاتون کے سپیکر کے عہدے پر منتخب ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹک پارٹی کی اہم رہنما نینسی پلوسی اگر سپیکر بنتی ہیں تو وہ پہلی خاتون سپیکر ہوں گی۔ نینسی پلوسی کی شہرت جماعت کی تنظیم سازی اور فنڈ ریزنگ کی وجہ سے ہے تاہم عوای سطح پر ان کی مقبولیت ہیلری کلنٹن کے مقابلے میں کہیں کم ہے۔ امریکہ کے درمیانی مدت کے انتخابات میں جن کو صدر بش کی پالیسیوں کے خلاف ریفرنڈم قرار دیا جا رہا تھا ڈیموکریٹ پارٹی ایوان نمائندگان پر رپبلکن پارٹی کا بارہ سالہ غلبہ ختم کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے جبکہ سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے کے لیئے انہیں دو مزید نشستیں درکار ہیں۔ ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے۔ امریکی نظامِ حکومت میں ایوان نمائندگان کے سپیکر کا درجہ امریکی صدر اور نائب صدر کے بعد آتا ہے۔1999 سے سپیکر کے عہدے پر ریپلکن پارٹی کے رکن ڈینس ہیسٹرٹ براجمان ہیں۔ سپیکر منتخب ہونے کے بعد وہ عدلیہ اور انٹیلیجنس کی کمیٹیوں کے لیئے مختلف سیاسی رہنماؤں کا تقرر کر سکیں گی۔ ریپبلکنز نے انتخابی مہم کے دوران نینسی پلوسی کو خرابیوں کا مجموعہ دکھانے کی بھی کوشش کیں جیسے کہ وہ ٹیکس بڑھا دیں گی یا غیر قانونی تارکین وطن اور ہم جنسی شادیوں کو بڑھاوا دیں گی لیکن پارٹی کے اندر بہت سے دوسرے اراکین کے لیئے وہ امید کی اُس نئی کرن کے مترادف ہیں جس کے تحت ڈیموکریٹک پارٹی کئی دہائیوں کے بعد پھر اقتدار میں آ سکتی ہے۔
انتخابی مہم کے دوران نینسی پلوسی اپنی تقریروں میں ایک ایسے ایجنڈے کی بات کرتی رہی ہیں جس میں مختلف پریشر گروپ اور قانون ساز اداروں کے اراکین کے درمیان تعلقات توڑنے کے لیئے قواعد، نائین الیون کمیشن کی تجاویز کو قانونی شکل دینے، تنخواہوں میں اضافے اور سٹیم سیل پر کی جانے والی تحقیق کا دائرہ وسیع کرنے جیسے نکات شامل ہیں۔ ڈیموکریٹک پارٹی کے اندر کچھ لوگوں کو یہ خدشہ ہے کہ نینسی پلوسی کی سوچ ان اعتدال پسندوں ووٹرز کواور زیادہ ’ آزاد خیال‘ معلوم ہو جن کے ووٹ ڈیموکریٹس مڈٹرم انتخابات میں حاصل کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔ سن 2002 میں ایوان نمائندگان میں عراق میں طاقت کے استعمال کے خلاف ووٹ دینے والے 126 ڈیمو کریٹس میں نینسی پلوسی بھی شامل تھیں۔ تاہم جب جنگ شروع ہوئی تو انہوں نے اس کے لیئے مالی وسائل فراہم کیے جانے کے حق میں ووٹ دیا تھا۔ ان کا ٹریک ریکارڈ یہی بتاتا ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کی انتہائی وفادار رہنما کی حیثیت سے انہوں نے پارٹی کو متحد کر کے مخالفین کے اہم ووٹ حاصل کرنے میں جو کامیابی حاصل کی ہے اس سے ہو سکتا ہے کہ وہ اپنے بارے میں لوگوں کی مختلف امیدوں کے درمیان توازن رکھنے میں کامیاب ہو جائیں۔ بش انتظامیہ کے سوشل سکیورٹی سسٹم میں جزوی نج کاری کے ذریعے اکھاڑ پچھاڑ کرنے کے منصوبے کو ناکام بنانے کا کریڈٹ بھی انہیں ہی جاتا ہے۔ ان کی جانب سے پارٹی کے لیئے مالی وسائل اکھٹے کرنے کا کام تمام اعتراضات سے بالاتر ہے۔ پانچ بچوں کی ماں نینسی پلوسی نے ڈیموکریٹک پارٹی کے کسی دوسرے امیدوار کی نسبت اس کی مقبولیت میں اضافے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ بالٹی مور سے تعلق رکھنے والی نینسی پلوسی کا تعلق رومن کیتھولک خاندان سے ہے۔ ان کا خاندان بالٹی مور کے سیاسی خاندانوں میں سے ایک ہے۔ ان کے والد اور بھائی بالٹی مور کے میئر کے عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔ سن 1987 سے وہ کانگرس کے سان فرانسسکو ڈسٹرکٹ کی نمائندگی کرتی رہی ہیں اور اس ڈسٹرکٹ کو دوسروں کی نسبت زیادہ لبرل تصور کیا جاتا ہے۔ سن 1980 کے اوائل سے ہی انہوں نے کیلیفورنیا کی سیاسیت میں اہم کردار ادا کرنا شروع کیا اور وہ 1986 کے انتخابات میں قومی سطح پر سینیٹ کے لیئے ڈیموکریٹک پارٹی کی انتخابی مہم کی چیف فنڈ ریزر رہ چکی ہیں۔ سن 1987 میں وہ میئر کے لیئے انتخاب لڑنے کے بارے میں غور کر رہی تھیں کہ ان کے علاقے کی کانگرس میں نمائندہ خاتون انتقال کر گئیں۔ ان کی سیٹ پر ہونے والے ایک ضمنی انتخاب کو جیتنے کے بعد نینسی پلوسی ایوان میں آئیں اور تب سے وہ ایوان میں موجود ہیں۔ 66 سالہ نینسی پلوسی2002 میں بطور ہاؤس ڈیموکریٹک لیڈر کے انتخاب جیت کر پہلے ہی تاریخ میں اپنا نام درج کرواچکی ہیں۔ اگر نینسی پلوسی سپیکر بن جاتی ہیں تو اس طریقے سے وہ امریکی تاریخ میں ذرا مختلف انداز میں اپنا نام درج کروانے میں کامیاب ہو جائیں گی۔ | اسی بارے میں ایوان نمائندگان، ڈیموکریٹس کے پاس08 November, 2006 | آس پاس ایک ہاؤس میں ڈیموکریٹس آ گے08 November, 2006 | آس پاس واپسی کا سفر شروع: ہیلری کلنٹن08 November, 2006 | آس پاس پہلا مسلمان امریکی سینیٹ کا رکن08 November, 2006 | آس پاس امریکی عوام کی فتح، بش کی مایوسی08 November, 2006 | آس پاس امریکہ پولنگ کا اختتام، نتائج کا انتظار07 November, 2006 | آس پاس | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||