 | | | رائے عامہ کے جائزوں میں ریال کو مرد حریفوں پر نمایاں برتری حاصل ہے |
فرانس کی سوشلسٹ سیاستدان سیگولین رویال نے آئندہ صدارتی انتخابات کی باقاعدہ امیداوار ہونے کا اعلان کیا ہے۔ حزب اختلاف کی طرف سے فرانس کی آئندہ صدر کے لیئے امیدوار ہونے کا باقاعدہ اعلان کرتے ہوئے انہوں نے حقیقی تبدیلیاں لانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہیں کم تجربہ کار قرار دینے والے مرد حریفوں پر رائے عامہ کے جائزوں میں ریال کو نمایاں برتری حاصل ہے۔ فرانس صدارتی انتخابات آئندہ سال اپریل میں ہونگے اور سوشلسٹ پارٹی کے ارکان نومبر میں اپنے نمائندے کا انتخاب کریں گے۔ حالیہ جائزوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ ریال کو اپنے تمام حریفوں پر تیس فیصد پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔ پیرس سے بی بی سی کی ولیری جونز کا کہنا ہے کہ سیگولین رویال نچلے طبقے کے عام لوگوں کی حمایت کے نتیجے میں ابر کر سامنے آئی ہیں اور یہ حمایت فرانسیسی سیاست میں تبدیلیوں کی خواش کی مظہر ہے۔ جنوبی فرانس میں ایک جلسے کے دوران اپنے امیدوار ہونے کے ارادے کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ ملک کو میں ترقی کو ’بحال‘ کریں گی اور قدامت پسندوں کی حکومت کے برخلاف ’ملک کے لیئے ہر موقع سے ممکن ترین فائدہ پہنچائیں گی‘۔ ہماری نامہ نگار کا کہنا ہے کہ ریال کی پوزیشن اس لیئے مستحکم ہوئی ہے کہ 2002 کے انتخابات میں ناکام رہنے والے لینل جوزفیں نے انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ اگر کوئی اور سوشلسٹ صدارتی امیدوار بننا چاہے گا تو اسے آئندہ چار دن میں اپنے امیدوار ہونے کا اعلان کرنا ہو گا۔ سوشلسٹ پارٹی جسے بھی امیدوار نامزد کرے گی اسے قدامت پرست نکولس سرکوزی کا سامنا کرنا ہو گا۔ سرکوزی اس وقت وزیرِ داخلہ ہیں۔ |