 | | | خاتمی اقوام متحدہ کی کانفرنس میں شرکت کے لیے نیویارک بھی جائیں گے |
امریکہ نے ایران کے سابق صدر محمد خاتمی کو ویزہ دیدیا ہے تاکہ وہ اگلے ہفتے ایک خطاب کے لیے امریکہ جاسکیں۔ سابق ایرانی صدر واشنگٹن میں ایک تقریر کرنے والے ہیں جس کے بعد وہ نیویارک میں اقوام متحدہ کے ایک کانفرنس میں بھی شریک ہوں گے۔ ایران میں سن 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد کسی اہم ایرانی رہنما کا امریکہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ اسلامی انقلاب کے بعد ایران اور امریکہ کے سفارتی تعلقات ختم ہوگئے تھے۔ محمد خاتمی کا یہ دورہ ایسے وقت ہورہا ہے جب ایران کے ایٹمی تنازعے پر امریکہ اور ایران کی حکومتیں آمنے سامنے ہیں۔ امریکہ ایران سے اس کا ایٹمی پروگرام ترک کرنے کا مطالبہ کررہا ہے کیوں کہ اسے خدشہ ہے کہ ایران ایٹمی بم بنارہا ہے جبکہ ایران کا کہنا ہے کہ پرامن مقاصد کے لیے اس کا ایٹمی پروگرام اس کا حق ہے۔ واشنگٹن میں وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ محمد خاتمی کے امریکہ سفر پر کسی طرح کی کوئی پابندیاں نہیں ہوں گیں۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق ایرانی صدر کو اس سفر کے دوران یہ موقع ملے گا کہ وہ امریکی عوام کے خدشات سے واقف ہوسکیں۔
|