’صحافی کے قتل کا بدلہ لیں گے‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان نے صحافی حیات اللہ کے قتل کا بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے آپ کو شمالی وزیرستان میں مقامی طالبان کا ترجمان ظاہر کرتے ہوئے ایک شخص نے ٹیلیفون پر کسی نامعلوم مقام سے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ بات کی۔ اس شخص نے اپنا نام قاری عبدالرحمان بتاتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی صحافی حیات اللہ کے قتل کے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔ قاری عبدالرحمان نے صحافی کے قتل کو بہت بڑی زیادتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس ایک قتل کا بدلہ دس سے لیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بہت جلد اس سلسلے میں ایک ویڈیو فلم بھی جاری کریں گے جس میں ظاہر ہوجائے گا کہ اس قتل کے پس پردہ حکومت ہے یا کوئی اور۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایک اور ترجمان عبداللہ فرہاد بھی انہیں کی نمائندگی کرتے ہیں تاہم بعض اوقات ان کی غیرموجودگی میں انہیں بات کرنی پڑتی ہے۔ ادھر صوبائی دارالحکومت پشاور میں وفاقی حکومت کی جانب سے حیات اللہ کے قتل کی تحقیقات کے لیئے قائم عدالتی کمیشن کے پاس چار افراد نے بیانات دینے کے لیئے نام لکھوائے ہیں۔
حیات اللہ کے دو بھائیوں احسان اللہ اور حسین کے علاوہ ان کے ماموں زاد بھائی نے بھی بیان دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس کے علاوہ انگریزی اخبار دی نیشن کے پشاور میں بیورو چیف شمیم شاہد نے بھی نام درج کروایا ہے۔ حیات اللہ اسی اخبار کے لیئے کام کرتے تھے۔ پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد رضا خان پر مشتمل اس عدالتی کمیشن کو ایک ماہ کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان کے سابق پولیٹیکل ایجنٹ ظہیر الاسلام گزشتہ روز عدالت کو قتل کے بارے میں بریف کرچکے ہیں۔ حیات اللہ کے قتل کے خلاف صحافتی برادری کا احتجاج ایک ہفتے بعد بھی جاری ہے۔ جمعہ کے روز قبائلی صحافیوں نے خیبر ایجنسی میں جمرود کے مقام پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت پر صحافیوں کے تحفظ میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ | اسی بارے میں حیات اللہ کا قتل‘ طالبان کا انکار20 June, 2006 | پاکستان صحافی کا قتل، ’عدالتی‘ تحقیقات18 June, 2006 | پاکستان ’حیات اللہ کو جال میں پھنسایا گیا‘18 June, 2006 | پاکستان حیات اللہ کے قتل پر ملک گیر یومِ سیاہ19 June, 2006 | پاکستان صحافی کے قتل پر احتجاج جاری20 June, 2006 | پاکستان سپریم کورٹ کا از خود نوٹس21 June, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||