ایران تنازعہ، پرامن حل چاہیئے: بش | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی صدر جارج بش اور جرمنی کی چانسلر انگیلا مرکل نے کہا ہے کہ وہ ایران کے ایٹمی تنازعے کا سفارتی حل چاہتے ہیں۔ صدر بش اور چانسلر مرکل واشنگٹن میں ایک ملاقات کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ صدر بش نے کہا کہ ایٹمی تنازعے کو سکیورٹی کونسل کے حوالے کرنا ہی اگلا قدم ہے۔تاہم انہوں نے اس سوال کا جواب نہیں دیا کہ ایران پر پابندیاں عائد ہونی چاہئیں یا نہیں۔ انہوں نے کہا: ’میں پہلے سے یہ نہیں کہہ سکتا ہے کہ سکیورٹی کونسل کیا فیصلہ کیا کرے گی۔‘ اپنے پریس کانفرنس میں صدر بش نے یہ بھی کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے مسلح ایران اسرائیل کے لیے ایک خطرہ ہوگا۔ چانسلر مرکل نے کہا کہ یہ ضروری ہے کہ یورپی یونین اور امریکہ ایران کے معاملے پر مشترکہ طور پر کام کریں اور کوشش کریں کہ دوسرے ممالک کو بھی ایک مشترکہ موقف میں شمولیت کے لیے منایا جاسکے۔ ادھر ایرانی رہنما احمدی نژاد نے کہا ہے کہ ایٹمی تنازعے کو سکیورٹی کونسل کے حوالے کرنے کی دھمکی کے باوجود وہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ یورپی ممالک کی جانب سے اس معاملے کو سکیورٹی کونسل میں لے جانے کی تجویز کے بعد ایرانی صدر نے اپنے پہلے ردعمل میں کہا ہے کہ وہ ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹنے والے ہیں۔
اس سے پہلے ایران نے دھمکی جاری کی کہ اگر ایٹمی تنازعہ سکیورٹی کونسل کے حوالے کیا گیا تو ایرانی تنصیباب کی اقوام متحدہ کے اہلکاروں کے ذریعے نگرانی روک دی جائی گی۔ جمعرات کو فرانس، برطانیہ اور جرمنی کے وزرائے خارجہ نے کہا تھا کہ اس تنازعے پر سفارتکاری اب بندگلی میں پہنچ چکی ہے اور اب یہ معاملہ سکیورٹی کونسل کے سامنے پیش کیا جائے۔ امریکی وزیر خارجہ کونڈولیزا رائیس نے یورپی موقف کی حمایت کی تھی۔ لیکن جمعہ کو اقوام متحدہ میں چین کے سفیر وانگ گوانگیا نے کہا کہ اس معاملے کو سکیورٹی کونسل کے حوالے کرنے سے یہ تنازعہ اور بھی پیچیدہ ہوجائے گا۔ تاہم چین اور روس کی جانب سے اس بات کے شارے مل رہے ہیں کہ وہ ایران پر دباؤ بنانا چاہتے ہیں۔ پیر کو یورپ، امریکہ، روس اور چین کے اہلکار لندن میں ملاقات کرنے والے ہیں جہاں ایک مشترکہ لائحۂ عمل پر گفتگو ہونے کی امید ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ وہ چاہتے کہ یہ معاملہ اقوام متحدہ کے ایٹمی ادارے آئی اے ای اے میں ہی حل کرلیا جائے، اگر ممکن ہو تو۔ اس تنازعے کو سکیورٹی کونسل کے حوالے کرنے کے لیے آئی اے ای اے کے رکن ممالک کو ایک مشترکہ فیصلہ کرنا ہوگا۔ | اسی بارے میں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||