BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
آر ایس ایس کیا ہے
آر ایس ایس کیا ہے
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Wednesday, 28 December, 2005, 05:08 GMT 10:08 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
لبنان میں ٹھکانوں پر اسرائیلی حملے
اسرائیلی فوج کے ایف سولہ طیارے
دو اسرائیلی شہروں پر حملوں کے چند گھنٹوں کے اندر ہی اسرائیلی فوج کے طیاروں نے لبنان میں ایک ٹھکانے پر حملے کیے ہیں۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے طیاروں نے ایک مبینہ فلسطینی شدت پسند ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔ ابتدائی اطلاعات میں کسی کے ہلاک ہونے کی خبر نہیں ہے۔

اسرائیلی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوب میں جس ٹھکانے کو نشانہ بنایا اسے پاپولر فرنٹ فار دی لِبریشن آف فلسطین کا اڈہ بتایا گیا ہے۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا: ’یہ کارروائی گزشتہ شب اسرائیلی آبادیوں پر داغے جانے والے راکٹوں کے جواب میں کی گئی ہے۔‘

منگل کی شام لبنان کی سرزمین سے داغے جانے والے کم سے کم چار راکٹ اسرائیل کے سرحدی شہروں میں جاگرے۔ تین راکٹ کریات شمونہ نامی شہر میں گرے جبکہ ایک راکٹ شلومی میں جاگرا۔

اسرائیلی فوج کے ذرائع نے ان راکٹوں کے لیے لبنان میں سرگرم تنظیم حزب اللہ کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے تاہم حزب اللہ کی جانب سے اس بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔

سن دوہزار میں لبنان سے اسرائیلی انخلاء کے بعد سے اسرائیل-لبنان سرحد پر اس طرح کے کئی حملے ہوئے ہیں۔

منگل کی شام جب اسرائیلی شہروں پر راکٹ داغے گئے تو شہر کے باشندوں کو حفاظتی مقامات میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا اور بجلی لگ بھگ آدھے گھنٹے کے لیے گل کردی گئی تھی۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لبنانی پولیس نے بتایا ہے کہ لبنان کی سرزمین سے کم سے کم سات راکٹ داغے گئے تھے۔ پولیس کے مطابق دو مغربی سیکٹر اور پانچ مشرقی سیکٹر سے داغے گئے۔

حزب اللہ کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ اسے ان حملوں کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہے جبکہ لبنان میں ’فتح‘ تحریک کے ایک اہلکار نے راکٹ حملوں میں فلسطینیوں کے ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد