بگرام: چار خطرناک جنگجو فرار | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکی فوج کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امریکی فوج کے ایک اہم اڈے سے چار خطرناک جنگجو فرار ہو گئے ہیں۔ فوجی ترجمان لیفٹینٹ کرنل جیری او ہارا کے مطابق یہ جنگجو کابل کے شمال میں واقع بگرام ائر بیس سے مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے فرار ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ فرار ہونے والے چاروں افراد کو دوبارہ گرفتار کرنے کے لیے آپریشن جاری ہے‘۔ ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ یہ قیدی کیسے فرار ہوئے۔ بگرام کے فضائی اڈے پر سینکڑوں افراد کو قید کیا گیا ہے جس میں زیادہ تر افغان قومیت کے ہیں۔ بگرام ائر بیس پر القاعدہ کی بہت سی اہم شخصیات کو بھی قید کیا گیا ہے جن میں دیگر ممالک کے علاوہ القاعدہ کے پاکستان سے پکڑے جانے والے رہنما بھی شامل ہیں۔
وہ دو منزلہ عمارت جہاں قیدیوں کو رکھا جاتا ہے بگرام ائر بیس کے درمیان واقع ہے اور مرکزی رن وے سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہے۔ امریکی ترجمان نے قیدیوں کی قومیت کے بارے میں کسی قسم کی اطلاعات فراہم کرنے سے انکار کر دیا تاہم افغان حکام کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے تمام قیدی عرب ہیں۔ بگرام کے ایک مقامی سرکاری افسر کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج نے انہیں چار افراد کی تصاویر فراہم کی ہیں۔ کبیر احمد نے بتایا کہ ’ تمام قیدیوں کے بال چھوٹے ہیں، داڑھیاں بڑھی ہوئی ہیں اور انہوں نے جیل کا پیلا لباس پہنا ہوا ہے‘۔ لیفٹینٹ کرنل جیری او ہارا نے کہا کہ فرار کے اس عمل کے دوران کوئی امریکی زخمی نہیں ہوا۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ تلاشی کے اس عمل میں ہیلی کاپٹر زمینی افواج اور مقامی افغان حکام کی مدد کر رہے ہیں۔ کابل میں بی بی سی کے نمائندے اینڈریو نارتھ نے بتایا ہے کہ اطلاعات کے مطابق 2001 میں طالبان کے زوال کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ امریکی فوجی اڈے سے کوئی قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوا ہو۔ ادھر طالبان نے اس دھماکے کی بھی ذمہ داری قبول کی ہے جس میں تیرہ افغان فوجی مارے گئے۔ بارودی سرنگ کا یہ دھماکہ صوبہ پکتیہ میں اتوار کی شام ہوا۔ طالبان کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بارودی سرنگ اس نے نصب کی تھی تاہم نامہ نگاروں کا کہنا ہے کہ اس علاقے میں سالوں سے بارودی سرنگیں لگی ہوئی ہیں۔ اس کے علاوہ اتوار کو خوست یونیورسٹی میں بھی ایک بم کا دھماکہ ہوا جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||