گمشدہ امریکی فوجیوں کی لاشیں | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
امریکہ کی سپیشل فورس سے تعلق رکھنے والے تین میں سے ان دو فوجیوں کی لاشیں مل گئی ہیں جو افغانستان میں ایک ہفتہ قبل لاپتہ ہو گئے تھے۔ امریکی حکومت کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ ابھی تک ایک اور فوجی کے بارے میں کچھ پتہ نہیں چل سکا۔ البتہ ایک چوتھا فوجی ہفتے کے روز زندہ مل گیا تھا۔ افغانستان میں بھی امریکی فوجی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ہفتے مشرقی صوبہ کنر میں سپیشل فورسز کے جو ارکان لاپتہ ہوگئے تھے ان میں سے دو کی لاشیں مل گئی ہیں۔جبکہ ایک فوجی جسے تین روز قبل زخمی حالت میں بچا لیا گیا تھا اسکا کابل کے شمال میں بگرام بیس پر علاج ہورھا ہے۔ صوبہ کنر کے گورنر کا کہنا ہے کہ چوتھےامریکی فوجی کی تلاش ابھی جاری ہےاور موصولہ اطلاعات کے مطابق افغان فوجی دستے اس دور دراز گاؤں تک پہنچنے کی کوشش کرہے ہیں جہاں سے یہ خبر ملی ہے کہ مقامی لوگوں نے ایک زخمی امریکی کی دیکھ بھال کی ہے۔ تاہم فی الوقت یہ کہنا مشکل ہے کہ آیا یہ چوتھا لاپتہ فوجی ہے یا اس فوجی کے بارے میں پرانی اطلاع ہے جسے امریکیوں نے ہفتے کو بچا لیا تھا۔ کنر صوبے میں امریکی فوجی آپریشن جاری ہے اور فوجی ذرائع نے اعتراف کیا ہے کہ جمعہ کو علاقے میں طیاروں سے جو حملے کئے گئے تھے ان میں عام شہری بھی ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم امریکی فوجی بیان میں اس واقعے پر اظہارِ افسوس کے ساتھ ساتھ یہ اصرار بھی کیا گیا ہے کہ جس جگہ پر حملے میں ہلاکتیں ہوئیں وہ ایک جائز فوجی ہدف تھا جہاں شدت پسند بھی عام شہریوں کے ساتھ ہلاک ہوئے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||