 |  ہزاروں لوگوں کو گھنٹوں پیدل چل کر گھروں کو واپس جانا پڑا |
لندن میں کام کرنے والے اور یہاں آئے ہوئے سینکڑوں افراد نے بم حملوں کے بعد ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے کی وجہ سے جمعرات کی رات شہر کے ہوٹلوں میں بسر کی۔ بی بی سی کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق کئی ہوٹلوں نے اپنے ہوٹلوں کے کرایوں میں دوگنا اضافہ کر دیا۔ شہر میں پھنسے ہوئے لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ ہوٹلوں نے بم حملوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسافروں سے زیادہ پیسے لے کر زیادتی کی ہے۔ لاسٹ منٹ ڈاٹ کام نے لوگوں کو خبردار کیا تھا کہ بم حملوں کے بعد ہوٹلوں کے کرائے بڑھ سکتے ہیں۔ ٹریڈنگ سٹینڈرڈ انسٹیٹیوٹ کے ترجمان نے کہا ہے کہ دہشت گرد حملوں کے بعد ہوٹلوں کا ریٹ بڑھانا ایک قابلِ مذمت فعل ہے۔ برٹش ہوسپیٹیلیٹی ایسوسی ایشن کے ترجمان نے ہوٹلوں کے ریٹس بڑھنے پر حیرت کا اظہار کیا ہے۔ شہر میں کام کرنے والے کئی افراد نے کہا ہے کہ انہیں اس بات کا بڑا دکھ ہے کہ ہوٹلوں نے ایسا کیا۔ ہزاروں افراد نے شہر کے مہنگے ہوٹلوں میں رات گزارنے کی بجائے گھنٹوں پیدل چلنے کو ترجیح دی۔ |