بحرین کے ایلچی حملے میں زخمی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بغداد میں بندوق برداروں نے بحرین کے ایلچی گولی مار کر انہیں زخمی کر دیا ہے۔ حسن ملاحلہ الانصاری کی کار پر اس وقت حملہ کیا گیا جب وہ منصور ضلع جا رہے تھے۔ مسٹر انصاری کے ہاتھ میں گولی لگی ہے اور وہ خطرے سے باہر ہیں۔ اس سے تین روز قبل عراق میں مصر کے ایلچی کو اغوا کر لیا گیا تھا۔ تشدد کے دیگر واقعات میں بغداد ائیر پورٹ پر کام کرنے والی چار خواتین کو ان کی بس پر حملہ کر کے ہلاک کر دیا گیا۔ بندبق برداروں کے دو گروہوں نےمنی بس پر گھات لگا کر حملہ کیا یہ بس اپنے ملازمین کو ائیر پورٹ لیکر جا رہی تھی اس حملے میں چار مرد ملازمین بھی زخمی ہوئے ۔ بغداد میں ایرانی مشن کے نزدیک بھی ایک بم دھماکہ ہوا ہے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ اس بم کا نشانہ ایرانی سفارت کار نہیں بلکہ امریکی فوج کی گشتی پارٹی تھی۔ اس دھماکے میں ایک شہری محافظ زخمی ہوگیا۔ اے ایف پی نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے کہا ہے کہ جس وقت مسٹر انصاری پر حملہ ہوا وہ اپنی سرکاری کار میں تھے کہ انہیں ایک جاپانی کار اور ایک پک اپ ٹرک نے گھیر لیا۔ان دونوں گاڑیوں میں حملہ آور سوار تھے۔ حملہ آوروں نے ان سے گاڑی سے نکلنے کے لئے کہا لیکن مسٹر انصاری نے گاڑی نہیں روکی اور بھاگتے وقت انہیں ایک گولی لگی۔ تھوڑا آگے جاکر مسٹر انصاری نے پولیس کو اطلاع دی ۔ مصر کے اغوا شدہ ایلچی کے لئے قاہرہ نے اپیل کی ہے ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے اور انہیں ایک عرب محب وطن سمجھا جائے۔ ایلچی کے گھر والوں کے مطابق ابھی تک اغوا کرنے والوں نے کوئی مطالبہ نہیں کیا۔ مصر اور بحرین دونوں ہی ممالک کے امریکہ سے نزدیکی تعلقات ہیں۔بحرین میں امریکی بحریہ کا ایک بڑا اڈہ ہے جسے 2003 میں عراق پر حملے کے خلاف استعمال کیا گیا تھا۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||