عراق: خودکش حملہ، بیس ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بغداد میں پولیس کے بھرتی کے مرکز کے باہر ایک خود کش حملے میں بیس افراد ہلاک اور بہت سے زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق خود کش حملہ آور نے پولیس میں بھرتی ہونے والے لوگوں کے ہجوم کے درمیان دھماکہ کر دیا جس سے بھرتی کے لیے جمع ہونے والے بیس نوجوان ہلاک ہو گئے۔ دھماکہ بغداد میں خصوصی پولیس کمانڈوز کے ہیڈ کواٹر کے باہر کیا گیا جس کو ماضی میں بھی متعدد مرتبہ خودکش حملوں کا نشانا بنایا جاتا رہا ہے۔ عراق میں وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل رحمان نے بتایا کہ خودکش حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی بیلٹ پہنی ہوئی تھی اور اس نے یرموک کے علاقے میں لوگوں میں گھس کر دھماکہ کر دیا۔ ترجمان نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں زیادہ تر پولیس کی کمانڈو فورس میں بھرتی کے خواہشمند تھے۔ بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق سپیشل پولیس کمانڈو یونٹ عراق میں سکیورٹی دستوں کی شان ہے۔ نامہ نگاروں کے مطابق عراق میں مزاحمت کاروں سے مقابلے میں یہ یونٹ پیش پیش رہا ہے۔ دریں اثناء اقوام متحدہ میں عراقی سفیر نے کہا ہے کہ عراق میں امریکی فوجیوں کی طرف سے گھر گھر تلاشی کے دوران ان کے ایک عزیز کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ عراق میں امریکی فوج نے کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کی تحقیقات کریں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||