 |  ایشیا میں ایڈز کے خلاف منڈیلا کانفرنس |
اقوام متحدہ نے متنبہ کیا ہے کہ ضروری اقدام شروع نہ کیے گئے تو ایشیا میں ایڈز 150 فیصد بڑھ سکتی ہے۔ اقوام متحدہ کی ایڈز ایجنسی کی مرتب کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ان کوششوں کو ہم جنسیت پرستوں، منشیات استعمال کرنے والوں اور جسم فروشوں پر مرکوز کیا جانا چاہیے۔ یہ رپورٹ جاپان میں شروع ہونے والی کانفرنس کے موقع پر جاری کی گئی ہے۔ اس کانفرنس میں اس بات پر غور کیاجائے گا کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے علاقائی سطح پر کیا اقدام کیے جا سکتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیائی لوگوں کی بڑی تعداد ایڈز کو اہم مسئلہ نہیں سمجھتی ہے۔ یہ درست ہے کہ اس علاقے میں ایڈز سے متاثر ہونے والوں کی تعداد نسبتاً کم ہے۔ رپورٹ میں مثال دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہندوستان میں ایڈز سے متاثر ہونے والے کل آبادی کے ایک فیصد سے بھی کم ہیں جبکہ جنوبی افریقہ میں متاثرہ افراد کی تعداد آبادی کے بیس فیصد کے لگ بھگ ہے۔ لیکن رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایشیائی ملکوں میں آبادی زیادہ ہونے کی وجہ سے تناسب کم ہونے کے باوجود سنگینی کی نوعیت کم نہیں ہوتی۔ رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ میں ایڈز انفیکشن سے متاثرہ افراد کی تعداد پچاس لاکھ ہے اور اس کا آبادی میں تناسب 20 فیصد ہے جب کہ ہندوستان میں بھی ایڈز سے متاثرہ افراد کی تعداد 50 لاکھ ہی ہے لیکن اس کا تناسب ایک فیصد ہے۔ |