پوپ کامقبرہ لوگوں کے لیےکھول دیاگیا | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پوپ جان پال دوئم کا مقبرہ ویٹیکن کے سینٹ پیٹر بیسیلیکا میں عام لوگوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ سینکڑوں لوگوں نے پوپ کے مقبرے کو دیکھنے کے لیے گھنٹوں قطار میں انتظار کیا سنگِ مرمر کے مقبرے پر پوپ کا نام اور ان کی پاپائیت کی تاریخ لکھی گئی تھی۔ رومن کیتھولک کلیسا کے تمام کارڈینلز نئے پوپ کے انتخاب کے لیے اگلے ہفتے سے ملاقات کریں گے۔ لوگوں نے صبح پانچ بجے سے ہی قطاریں لگانی شروع کر دی تھیں جبکہ مقبرہ کھلنے کا وقت سات بجے تھا۔ اس تہہ خانے میں جہاں پوپ کا مقبرہ ہے مزید 60 سابق پوپ دفن ہیں جن میں سینٹ پیٹر بھی شامل ہیں جن کے بارے میں بائبل میں کہا گیا ہے کہ خود یسو مسیح نے انہیں کلیسا کاپہلا رہنما قرار دیا تھا۔ ایسا لگتا ہے کہ پوپ جان پال دوئم کا مقبرہ لوگوں کے لیے زیارت کا مرکز بن جائے گا۔ سینٹ کا درجہ دینے کی تحقیقات کرنے والے کمیشن کے انچارج آرچ بشپ نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ پوپ جان پال دوئم کو سینٹ کا درجہ دینے کا عمل اکتوبر میں شروع کیا جائے گا اور چھ ماہ میں انہیں سینٹ کا درجہ مل جائے گا۔ عموماً یہ کمیشن کسی بھی شخص کی موت کے پانچ سال پورے ہونے سے پہلے اس سلسلے میں غور نہیں کرتا لیکن پوپ نے خود مدر ٹریسا کے سلسلے میں یہ عمل جلدی شروع کر دیا تھا۔ روم میں بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ نئے پوپ کو شاید پوپ جان پال دوئم کو سینٹ کا درجہ جلدی دینے میں زیادہ دلچسپی نہیں ہوگی کیونکہ اس کے بعد نئے پوپ کے کاموں کا موازنہ سابق پوپ سے کیا جائے گا۔ مرحوم پوپ کے بارے میں پہلے ہی کئی طرح کے معجزوں کے دعوے کیئے جا رہے ہیں۔ خبر ہے کہ میکسیکو میں لوکیمیا کا شکار ایک چار سالہ بچہ پوپ جان پال دوئم کے چھونے سے صحت یاب ہو گیا تھا۔ پوپ کی سیکریٹری کے حوالے سے دواطالوی اخباروں نے خبر دی تھی کہ اسی طرح کینسر کا ایک امریکی مریض پوپ کے ہاتھوں صحت یاب ہوا تھا۔ سینٹ کا درجہ دینے میں اس بات پر بھی غور کیا جاتا ہے کہ آیا نامزد شخص کے ہاتھوں معجزے ہوئے یا نہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||