برطانیہ: انتخابات پانچ مئی کو | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
برطانوی وزیرِاعظم ٹونی بلئیر نے انتخابات کی تاریخ کا سرکاری طور پر اعلان کر دیا ہے۔ اعلان کے مطابق برطانیہ میں پانچ مئی کو انتخابات منعقد ہوں گے۔ ملکہ سے آئندہ ہفتے پارلیمنٹ کو تحلیل کرنے کی درخواست کے بعد ٹونی بلیئر نے کہا کہ تیسری مرتبہ اقتدار میں آنے کے لیے لیبر پارٹی بہت پر عزم ہے۔ برطانوی وزیرِاعظم نے کہا کہ عوام کے پاس انتخاب کے لیے بہت سی چیزیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانوی عوام ہی فیصلہ کرنے کا حق رکھتے ہیں اور وہی یہ فیصلہ کریں گے۔ بلیئر نے کہا کہ ان کی سب سے بڑی خواہش یہ تھی کہ رنگ، نسل، مذہب اور ماضی کی پرواہ کیے بغیر ہر برطانوی شہری اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ’ ہم نے گزشتہ آٹھ برس میں جو حاصل کیا ہے اس پر ہمیں فخر ہے لیکن ہمیں صرف اسی پر اکتفا نہیں کر لینا چاہیے۔‘ انتخابات کی تاریخ کے باقاعدہ اعلان کے بعد کنزرویٹو اور لبرل ڈیموکریٹ جماعتوں نے بھی اپنی انتخابی مہم زوروشور سے شروع کر دی ہے۔ کنزرویٹو رہنما مائیکل ہاورڈ نے اپنی مہم کے دوران ٹونی بلیئر کی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ اپنا مقصد کھو چکی ہے جبکہ لبرل ڈیموکریٹ رہنما چارلس کینیڈی نے کہا ہے کہ ان کی توجہ کا مرکز عوام کی امیدوں پر ہو گا نہ کہ ان کے خوف پر۔ برطانوی ملکہ آئندہ پیر کو پارلیمنٹ تحلیل کر دیں گی تاہم اراکین پارلیمان جمعہ تک پارلیمانی امور نمٹا دیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||