 |  شہزادہ چارلس اور کمیلا پارکر بولز کی شادی چرچ میں اس لیے نہیں ہوسکتی کہ دونوں طلاق یافتہ ہیں |
بکنگھم پیلس سے جاری کیے جانے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ ایلزبتھ اپنے بڑے بیٹے شہزادہ چارلس کی سول میرج میں شرکت نہیں کریں گی۔ شہزادہ چارلس اپریل میں کمیلا پارکر بولز سے شادی کر رہے ہیں اور بکنگھم پیلس کے بیان کا مقصد اس تقریب کی اہمیت کو قدرے کم کرنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملکہ شادی کے بعد کلیسا کی آشیرواد حاصل کرنے کے لیے ہونے والی اس تقریب میں شرکت کریں گی لیکن شادی کی تقریب سے غیر حاضر رہیں گی۔ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آنجہانی شہزادی ڈیانا سے شہزادہ چارلس کے دونوں بیٹے ونڈسر میں ہونے والی شادی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ مغربی لندن میں ہونے والی شادی کی یہ تقریب سول نوعیت کی ہو گی کیونکہ شہزادہ چارلس اور کمیلا پارکر بولز دونوں طلاق یافتہ ہیں۔ اس شادی کو اس کے علاوہ بھی دشواریوں کا سامنا ہے۔ آئینی امور کے ماہرین یہ سوال اٹھا رہے ہیں کہ آیا شادی کے بارے میں موجودہ قوانین اس بات کی اجازت دیتے ہیں کہ اس جوڑے کی شادی کی سول تقریب انگلینڈ میں ہو سکے۔ |