صدر بش نے کہا ہے کہ ایران پر اس کے جوہری پروگرام کو ختم کرنے کے لیے مل کر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ امریکی صدر نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایرانیوں کو جان لینا چاہیے کہ آزاد دنیا مل کر انہیں ایک واضح پیغام دینا چاہتی ہے اور وہ یہ کہ ’جوہری ہتھیار مت بناؤ‘۔ صدر بش نے کہا کہ اس پیغام کے بھیجنے کی وجہ یہ ہے کہ ایٹمی ہتھیاروں کے حامل ایران کے ہوتے ہوئے دنیا بہت زیادہ غیر مستحکم ہو جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اس مسئلے پر اپنے یورپی اتحادیوں سے وہاں جا کر بات کرنے کے منتظر ہیں۔  |  ایرانی صدر محمد خاتمی |
اس سے پہلے ایرانی صدر محمد خاتمی نے کہا تھا کہ ایران اپنا جوہری پروگرام ترک نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امریکہ کی جانب سے یہ نفسیاتی جنگ اور آگے بڑھی تو ایران اپنا طرز عمل بدل دے گا، اور یہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہوگا۔ صدر محمد خاتمی نے کہا کہ کوئی بھی ایرانی حکومت پُرامن جوہری ٹیکنالوجی کے حق سے دستبردار نہیں ہو سکتی۔ |