 |  نتائج حماس کی قوت کی غمازی کرتے ہیں |
غزہ میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے مطابق فلسطینی شدت پسند گروہ حماس نے نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ حماس کے امیدوارں نے دو تہائی نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے جب کہ انتخابات میں حماس کی حریف الفتح تنظیم کے حصے میں بیس فیصد سے بھی کم نشستیں آئی ہیں۔ حماس نے نو کونسلوں میں انتخاب لڑا جِن میں سے اُسے سات میں فتح حاصل ہوئی ہے۔ حماس ہر کونسل میں خاصی بڑی اکثریت سے جیتی ہے۔ حماس کے ایک سینیئر لیڈر ڈاکٹر محمود ظہر نے کہا کہ مزاحمت کو دہشت گردی کہنے والے یورپیوں اور امریکیوں کے لیے یہ واضح فتح ایک کھلا پیغام ہے کہ ہم مزاحمت حامی ہیں اور قربانیاں دینے کے لیے تیار ہیں۔ روایتی طور پر اقتدار میں رہنے والی یاسر عرفات کی تنظیم الفتح کو اِن انتخابات میں شکستِ فاش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ غرباء کی بہبود سے متعلق حماس کے وسیع تر منصوبوں کے سبب اُسے بڑے پیمانے پر احترام کی نگاہ سے دیکھا جانے لگا ہے۔ |