 |  سونامی سے لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں |
اقوامِ متحدہ نے کہا ہے کہ گزشتہ دس سالوں میں پوری دنیا میں قدرتی آفات کی وجہ سے کم از کم ڈھائی ارب لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس سے قبل کی دہائی سے ساٹھ فیصد زیادہ ہیں۔ 1994 سے 2003 کے دوران پوری دنیا میں زلزلوں، سیلاب اور طوفانوں کی وجہ سے 478,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بری حالت ترقی پزیر ممالک کی ہے اور وہاں رہنے والے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ یہ اعداد و شمار اس وقت سامنے آئے ہیں جب قدرتی آفات کی وجہ سے ہونے والی تباہی کو کم کرنے کے لیے اقدامات کے متعلق ایک عالمی کانفرنس ہونے والی ہے۔ اس کانفرنس میں سونامی سے متعلق وارننگ سسٹم پر بھی بات کی جائے گی۔ یہ کانفرنس جاپان کے شہر کوبے میں منگل (آج) سے منعقد کی جا رہی ہے۔ پیر کو کوبے میں دس سال پہلے آنے والے زلزلے کی برسی منائی گئی۔ اس زلزلے میں 6000 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ رپورٹ میں ایشیا کو گزشتہ دس سالوں میں قدرتی آفات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا برِ اعظم کہا گیا ہے۔ دنیا میں ہونے والی کل ہلاکتوں میں سے آدھی سے زیادہ اس برِ اعظم میں ہوئی ہیں اور 90 فیصد سے زائد زخمی، بے گھر اور ھنگامی طور پر مدد کے طلبگار افراد بھی اسی برِ اعظم میں سے ہیں۔ سن 2002 میں قدرتی آفات سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد سب سے زیادہ تھی۔ جس میں ایشیا میں لاکھوں افراد سیلاب اور بھارت، ایتھوپیا اور زمبابوے میں قحط سے متاثر ہوئے ہیں۔ |