 |  بحر ہند میں سونامی کی پشگی اطلاع کا سسٹم لگانے پر غور ہو رہا ہے۔ |
جکارتہ میں سونامی سے متاثر ہونے والے ملکوں کو امداد دینے والے ملکوں کے نمائندوں کی کانفرنس بحر ہند میں مستقبل میں سونامی سے بچنے کے لیے وارننگ سسٹم لگانے کی تجویز پرغور کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ وراننگ سسٹم اس کانفرنس کی ترجیجات میں شامل ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کی تباہی سے بچا جا سکے۔ کانفرنس سے خطاب کے دوران تھائی لینڈ کے وزیر خارجہ سراکیات ساتھراتھی نے کہا کہ سونامی کی پشگی وارننگ کے سسٹم کو بہتر بنانا بہت ضروری ہے اور بحرہند کے ممالک کو اپنے آپ کو سمندر کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑنا چاہیے۔ انڈونیشیا کے صدر سوسیلو بیم بانگ یودھویون نے سونامی کو انسانی تاریخ کی سب سے بدترین قدرتی آفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحرالکاہل کی طرح بحرہند میں بھی وارننگ سسٹم ہونا چاہیے۔ آسٹریلیا کے سائسندانوں کا خیال ہے کہ بحرہند میں وارننگ سسٹم لگانے میں کوئی بڑی دشواری نہیں ہے اور نسبتاً آسانی کے ساتھ لگایا جا سکتا ہے۔ البتہ جکارتہ میں حکام کا کہنا ہے کہ دور دراز جزیروں کو سونامی کی وارننگ دینا ایک مشکل کام ہو گا۔ |