کشمیر: ’تصادم میں ایک پولیس اہلکار تین شدت پسند ہلاک‘

دو ماہ سے جاری پرتشدد واقعات میں درجنوں افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں

،تصویر کا ذریعہAP

،تصویر کا کیپشندو ماہ سے جاری پرتشدد واقعات میں درجنوں افراد ہلاک جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے ہیں

انڈیا کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں جاری تصادم میں ایک پولیس اہلکار اور تین مبینہ شدت پسند ہلاک ہو گئے ہیں۔

دوسری جانب جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلعے میں ایک ہند مخالف ریلی پر پولیس کے حملے میں تقریباً 80 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ تقریباً 20 مظاہرین کو پولیس نےحراست میں لے لیا ہے۔

حکام نے بتایا ہے کہ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں لے جایا گيا ہے۔

انڈین خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے فوج کے حوالے سے بتایا ہے کہ انھوں نے کشمیر کے نوگام سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب شدت پسندوں کی دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا ہے۔

سرکاری ٹی وی چینل دور درشن کے مطابق پونچھ میں سکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں کے درمیان تصادم جاری ہے۔

مبینہ شدت پسند برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر کی صورتحال نازک ہے

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنمبینہ شدت پسند برہان وانی کی ہلاکت کے بعد کشمیر کی صورتحال نازک ہے

سرینگر سے ہمارے نامہ نگار ریاض مسرور نے بتایا ہے کہ شدت پسندوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا ہے جبکہ دوسرے کی حالت نازک ہے۔

آٹھ جولائی کو مشتبہ شدت پسند برہان وانی کی سکیورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں موت کے بعد سے کشمیر وادی میں صورتحال کشیدہ ہے۔

تقریباً دو ماہ سے جاری تشدد کی لہر رکنے کے نام نہیں لے رہی ہے اور وادی میں کئی مقامات پر ابھی بھی کرفیو جاری ہے اور مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔

سنیچر کو شوپیاں اور اننت ناگ اضلاع میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی جھڑپوں میں دو مظاہرین ہلاک ہو گئے تھے۔

اتوار کی ہلاکت کے بعد کشمیر میں گذشتہ 65 دنوں میں اب تک 78 لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ اس کے علاوہ تقریباً دس ہزار شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق ساڑھے پانچ ہزار پولیس اور سکیورٹی اہلکار بھی مظاہروں کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔