آپ نیند میں ہوں اور کمرے میں تیندوا گھس آئے؟

بھارت میں اکثر اواقات تیندوے آبادی میں گھس آتے ہیں

،تصویر کا ذریعہAFP

،تصویر کا کیپشنبھارت میں اکثر اواقات تیندوے آبادی میں گھس آتے ہیں

انڈیا کے شمالی علاقے کے سیاحتی مقام پر واقع ہوٹل میں رات کے وقت ایک تیندوا کھڑکی توڑ کر جوڑے کے کمرے میں گھس گیا۔

انڈیا کی سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق اتوار کو علی الصبح جب تیندوا کھڑکی کے راستے ہوٹل کے کمرے میں داخل ہوا تو اس وقت سمت راٹھور اور ان کی اہلیہ شیوانی سو رہے تھے۔

جوڑا آواز پر بیدار ہوا تو تیندوے کو سامنے دیکھ کر اسے خوف کا جھٹکا لگا۔

مقیم جوڑا کسی طرح سے تیندوے کو کمرے کے باتھ روم میں بند کرنے میں کامیاب ہو گیا اور ہنگامی صورتحال کا الارم آن کر دیا۔

تیندوا بعد میں کمرے سے جنگل کی جانب بھاگ جانے میں کامیاب ہو گیا۔

یہ ہوٹل ریاست اتراکھنڈا کے علاقے نینی تال میں جنگل کے قریب واقع ہے اور یہاں رات کے وقت اس طرح جانور کا احاطے میں گھس آنا کوئی حیران کن بات نہیں ہے۔

اس علاقے میں واقع ایک ہوٹل میں چند ہفتے پہلے ایک کالا ریچھ بھی کھڑکی کے راستے کمرے میں داخل ہو گیا تھا۔