تیندوا پکڑنے کی کوشش کے دوران چھ زخمی

تیندوے کو اتوار کی شام کو دس گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد پکڑا گيا

،تصویر کا ذریعہKashif Masood

،تصویر کا کیپشنتیندوے کو اتوار کی شام کو دس گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد پکڑا گيا

بھارت کے شہر بنگلور کے ایک سکول میں داخل ہونے والے تیندوے کو پکڑنے کی کوشش کے دوران چھ افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ تیندوا اتوار کو کنڈالا ہلّی کے علاقے میں واقع وِیبگیور انٹرنیشنل سکول کے احاطے میں داخل ہوگیا تھا اور دس گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اسے بےہوش کر کے اس پر قابو پایا گیا۔

اس جدوجہد کے دوران ایک سائنسدان اور محکمہ جنگلات کا ایک ملازم بھی زخمی ہوا۔

سکول کے سکیورٹی کیمرے کی فوٹیج میں تیندوے کو سوئمنگ پُول کے نزدیک ایک شخص پر حملہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تیندوے کو پکڑنے کی کوشش میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے
،تصویر کا کیپشنتیندوے کو پکڑنے کی کوشش میں چھ افراد زخمی بھی ہوئے

سینیئر پولیس اہلکار ایس بورالنگائیا نے صحافیوں کو بتایا کہ ’تیندوے پر قابو پانا ایک طویل جدوجہد تھی۔ اگرچہ اس کو بے ہوشی کے انجکشن لگا دیے گئے تھے پھر بھی مقامی وقت کے مطابق رات سوا آٹھ بجے کے قریب دواؤں کے مکمل اثر دکھانے کے بعد ہی اسے پکڑنا ممکن ہوسکا۔‘

جنگلی حیات کے محکمے کے اہلکار روی رالف نے بی بی سی ہندی کے عمران قریشی کو بتایا کہ تیندوا ممکنہ طور پر سکول کے نزدیک واقع جنگل سے سکول میں داخل ہوا تھا۔

آٹھ سالہ نر تیندوا کنڈالا ہلّی کے علاقے میں سکول میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا
،تصویر کا کیپشنآٹھ سالہ نر تیندوا کنڈالا ہلّی کے علاقے میں سکول میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا گیا تھا

تیندوے کو بعد میں نیشنل پارک منتقل کردیا گیا جبکہ مقامی ٹیلی وژن چینل کے کیمرہ مین سمیت چھ زخمیوں کے معمولی زخموں کا علاج کر دیا گیا۔

جنگلی جانوروں کی ایک حالیہ مردم شماری کے مطابق بھارت میں تیندووں کی آبادی 12 ہزار سے 14 ہزار کے درمیان ہے۔

گذشتہ سال بھی ایک تیندوا بھارت کی شمال مغربی ریاست راجستھان کے ایک گاؤں میں پانچ گھنٹے تک اپنا سر ایک ہانڈی میں پھنسائے گھومتا رہا تھا۔