بنگلور کا تیندوا پھر فرار

،تصویر کا ذریعہKashif Masood
بھارت کے جنوبی شہر بنگلور کے ایک سکول میں چھ افراد کو زخمی کرنے والا تیندوا اپنے پنجرے سے نکل بھاگا ہے۔
یہ آٹھ سالہ تیندوا بنگلور کے ایک سکول میں آٹھ فروری کو کہیں سے گھس آيا تھا اور بےہوش کیے جانے سے قبل اس نے کئی لوگوں کو زخمی کر دیا تھا۔
اس تیندوے کو پکڑ کر طبی امداد کے لیے بانرگھٹا نیشنل پارک بھیج دیا گیا تھا لیکن اتوار کو وہ اپنے پنجرے سے باہر نکل گیا۔

،تصویر کا ذریعہKashif Masood
تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس سے عوام کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
نیشنل پارک کے ڈائریکٹر سنتوش کمار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ ’خوفزدہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہے کیونکہ تیندوا ابھی بھی پارک کے اندر ہی ہے جو کہ اس کا فطری مسکن ہے۔‘
انھوں نے ہندوستان ٹائمز اخبار کو بتایا: ’ہم چاہتے تھے کہ وہ مزید کچھ دن باڑے میں رہے کیونکہ اس کا علاج کیا جا رہا تھا۔‘

،تصویر کا ذریعہKashif Masood
نیشنل پارک کے حکام نے بتایا کہ چیتا اس وقت باہر آ گیا جب اس کی نگرانی پر مامور افراد اسے کھانا کھلانے گئے اور انھوں نے دروازہ ٹھیک سے بند نہیں کیا۔
خیال رہے کہ تیندوے کے کنڈالاہلی علاقے کے سکول میں داخل ہونے کے ایک ہفتے بعد اس کا پنجرے سے باہر نکل جانے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
سکول میں جب اسے بے ہوش کرنے کی کوشش کی جارہی تھی تو اس نے ایک سائنسدان اور محکمۂ جنگلات کے ایک اہلکار سمیت چھ لوگوں کو زخمی کر دیا تھا۔

،تصویر کا ذریعہpublic tv
وائلڈ لائف اہلکار نے بی بی سی کے عمران قریشی کو بتایا کہ یہ تیندوا سکول کے قریب ہی واقع جنگل کے ایک ٹکڑے سے بھٹک کر ادھر آ نکلا ہوگا۔
اس واقعے کے بعد علاقے میں بہت سے تیندوے دیکھے گئے اور حفظ ما تقدم کے طور پر علاقے کے 142 سکول بند کر دیے گئے۔
حالیہ سروے کے مطابق بھارت میں تیندوئے کی تعداد 12 ہزار سے 14 ہزار کے درمیان ہے۔

،تصویر کا ذریعہReproducao







