مودی حکومت کی کامیابیاں، ’جھوٹے وعدے‘

سنیچر کی شام نریندر مودی نے انڈیا گیٹ پر حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا

،تصویر کا ذریعہGetty

،تصویر کا کیپشنسنیچر کی شام نریندر مودی نے انڈیا گیٹ پر حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا

انڈیا میں نریندر مودی کی قیادت والی حکومت کے دو سال پورے ہونے کے موقعے پر سنیچر کو دارالحکومت دہلی کے قلب انڈیا گیٹ پر ایک مخصوص پروگرام ’ایک نئی صبح‘ کا کا انعقاد ہوا۔

اگر ایک جانب پروگرام میں نریندر مودی نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کیا اور مخالفین کو تنقید کا نشانہ بنایا وہیں دوسری جانب کانگریس نے بی جے پی حکومت کے دو سال پر ’مودی کے جھوٹ اور جھوٹے وعدوں کے دو سال‘ نام سے ایک کتابچہ جاری کیا جس میں حکومت کی ناکامیوں کا ذکر ہے۔

مودی نے مندرجہ باتیں کہیں

  • گڈ گورننس کے لیے ضروری ہے کہ حکومت اپنے شہریوں پر بھروسہ کرے۔
  • کرپشن نے ہندوستان اور اس کے شہریوں کے خوابوں کو تباہ کیا ہے۔
  • ہمیں اپوزیشن اس لیے بھی نشانہ بناتا ہے کیونکہ ہم نے ان کے بدعنوانی کے ذرائع کو بند کر دیا ہے۔
  • اس بات سے کوئی انکار نہیں کرے گا کہ سابق حکومت بدعنوانی میں ڈوبی تھی اور پھر ہم اقتدار میں آئے اور ہمارا زور بدعنوانی کو ختم کرنے پر ہے۔
  • جو پہلے ملک کو لوٹ رہے تھے وہی اس حکومت سے خوش نہیں ہیں۔
  • اگلے تین سال میں ہم پانچ کروڑ لوگوں تک ایل پی جی کنکشن پہنچا دیں گے۔
  • جمہوریت میں سب کے کام کا تجزیہ ہونا چاہیے، لیکن ہم مایوسی کا ماحول تیار کرنے کی غلطی نہیں کر سکتے ہیں۔
  • گذشتہ دنوں ہم نے دو چیزیں دیکھی ہیں، ایک طرف وكاس واد (ترقی پسندی) ہے اور دوسری طرف ورودھ واد (اختلاف پسندی) ہے۔
  • ایل ای ڈی بلب کی اپنی مہم کی وجہ سے ہم نے 20 ہزار میگاواٹ بجلی بچائی ہے لیکن یہ بات خبر نہیں بنتی ہے۔
کانگریس نے اپنے کتابچہ میں ان کے نعرے بیٹی بچاؤ پر تنقید کی

،تصویر کا ذریعہOther

،تصویر کا کیپشنکانگریس نے اپنے کتابچہ میں ان کے نعرے بیٹی بچاؤ پر تنقید کی

دوسری جانب راہل گاندھی نے مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کسان خودکشی کر رہے ہیں اور حکومت اپنی کامیابیوں کا راگ الاپ رہی ہے۔

اس کے علاوہ کانگریس نے جو کتابچہ شائع کیا ہے اس میں مندرجہ باتوں کا ذکر ہے۔

  • سنہ 14-2013 (کانگریس کی حکومت) کے دوران اناج کی پیداوار 265 میٹرک ٹن تھی جو سنہ 16-2015 (بی جے پی حکومت) میں گر کر 253 میٹرک ٹن ہو گئی ہے۔
  • کانگریس کے مطابق مودی حکومت کی کسان مخالف پالیسیوں سے كالابازاری بڑھی ہے اور زخیرہ اندوزوں کی چاندی ہو گئی ہے۔
  • سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جی ڈی پی حساب کے نئے نظام کے مطابق معیشت میں 15-2014 میں 7.3 فیصد کی شرح سے اور16-2015 میں 7.6 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ان اعداد و شمار کی سچائی پر انھیں شکوک و شبہات ہیں۔
  • نریندر مودی نے ہر سال دو کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا۔ لیکن لیبر بیورو، وزارت محنت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 1.34 لاکھ روزگار ہی پیدا کیے جا سکیں ہیں۔ جبکہ اکتوبر سے دسمبر 2015 کے درمیان آٹھ بڑے صنعتی علاقوں میں 20،000 ملازمتیں ختم ہوئی ہیں
  • <image id="d5e390"/> انتخابات سے پہلے مودی نے دعویٰ کیا تھا کہا تھا کہ وہ 100 دنوں میں ملک کا 80 لاکھ کروڑ روپے کا کالا دھن واپس لائیں گے اور ہر ہندوستانی کے بینک اکاؤنٹ میں 20-15 لاکھ روپے جمع کروائیں گے۔ میڈیا کے 500 ناموں کا انکشاف کرنے کے بعد بھی مودی حکومت نے اس معاملے میں کوئی ثقہ قدم نہیں اٹھایا ہے۔ اس کے بجائے حکومت نے کالے دھن کو سفید میں تبدیل کرنے کے لیے ایمنسٹی سکیم پیش کی ہے۔
  • وزیر خارجہ سشما سوراج اور وسندھرا راجے کی جانب سے للت مودی کو ہندوستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بچ نکلنے میں مدد فراہم کرائے جانے کے واضح شواہد کے بعد بھی یہ دونوں اپنے اپنے عہدوں پر برقرار ہیں۔
  • کانگریس نے مودی پر ہندوستان کے لوگوں کی توہین کرنے کا الزام لگایا ہے۔ شنگھائی میں مودی نے کہا تھا ’اس سے پہلے، بھارتی کو بھارت میں پیدا ہونے پر شرم آتی تھی‘ جبکہ سیول میں انھوں نے کہا تھا ’ایک وقت تھا جب لوگ کہتے تھے- پتہ نہیں پچھلے جنم میں کیا گناہ کیا تھا جو ہندوستان میں پیدا ہو گئے، یہ کوئی ملک ہے؟‘
  • مودی اور ان کی کابینہ کے ساتھیوں کے غیر ملکی دوروں پر گذشتہ مالی سال (16-2015) میں سرکاری خزانے سے 567 کروڑ روپے خرچ ہوئے جو گذشتہ سال بیرون ملک دوروں پر خرچ کی گئی رقم کے مقابلے میں 80 فیصد زیادہ ہے۔
  • <image id="d5e404"/> فروغ انسانی وسائل کی وزیر سمرتی ایرانی نے تمام یونیورسٹیوں کو اپنی حب الوطنی کے اظہار کے لیے قومی پرچم لہرانے کا فرمان جاری کیا تھا۔ کانگریس کا الزام ہے کہ آر ایس ایس نے آزادی کے بعد پورے 52 سالوں تک قومی پرچم نہیں لہرایا اور این آئی ٹی، سری نگر کے طلبا نے انسٹی ٹیوٹ کے احاطے میں قومی پرچم لہرایا تو انھیں سزا دی گئی۔
  • مودی سمارٹ سٹيٹ کا وعدہ کرتے ہیں، لیکن ہندوستان کو ایک محفوظ دارالحکومت تک نہیں دے پائے۔