مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کا آخری مرحلہ

،تصویر کا ذریعہEPA
انڈيا کی ریاست مغربی بنگال میں جمعرات کو اسمبلی انتخابات کے چھٹے اور آخری مرحلے میں 25 سیٹوں کے لیے ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔
پولنگ صبح سات بجے شروع ہوئي اور شام کو چھ بجے تک جاری رہے گي۔ اس کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
چھٹے مرحلے میں مشرقی مدناپور اور کوچ بہار کے اضلاع میں انتخابات ہورہے ہیں جس کے لیے 18 خواتین سمیت کل 170 امیدوار میدان میں ہیں۔
مجموعی طور پر اس مرحلے میں 58 لاکھ رائے دہندگان ووٹنگ کریں گے۔ اس کے لیے 6،774 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
آزادی کے بعد پہلی بار اس مرحلے کے انتخابات میں بھارت اور بنگلہ دیش کی سرحد پر قائم ان انکلیو کے باشندے بھی ووٹ ڈال رہے ہیں جو اب تک کسی ملک کے شہری نہیں تھے۔

،تصویر کا ذریعہbbc bangla
انڈيا نے گذشتہ برس بنگلہ دیش کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کے تحت بھارت کی جانب پڑنے والی انکلیو کے لوگ بھارت کے شہری بن گئے ہیں اور وہ پہلی بار ووٹ ڈال رہے ہیں۔
ایسے ووٹرز کی کل تعداد 9،776 ہے جن کے لیے ووٹ ڈالنے کی باقاعدہ بیداری مہم چلائی گئي اور ان کے لیے خاص طور پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
جن علاقوں میں پولنگ ہو رہی ہے اس میں سے بعض علاقے سکیورٹی کے لحاظ سے کافی حساس ہیں اس لیے انظامیہ نے انتخابات کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
حکام نے اس کے لیے تقریبا 12000 ریاستی پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا ہے جبکہ اضافی مدد کے طور پر سینٹرل ریزرو پولیس کی 361 کمپنیاں تعینات کی گئي ہیں۔
ریاست کی 294 سیٹوں میں سے 269 پر ووٹ ڈالے جا چکے ہیں 25 پر آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں اور اس طرح ریاست انتخابات اپنے اختتام کو پہنچیں گے۔ ووٹوں کی گنتی 19 مئی کو ہوگی۔







