بھارت کی پانچ ریاستوں میں انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

،تصویر کا ذریعہReuters
بھارتی الیکشن کمیشن نے بھارت کی پانچ ریاستوں میں اپریل سے انتخابات کا اعلان کیا ہے۔
ریاستی حکومت کے لیے تمل ناڈو، کیرالہ، آسام، مغربی بنگال اور پانڈی چیری میں انتخابات کرائے جائيں گے۔
یہ اعلان بھارت کے چیف الیکشن کمیشنر نسیم زیدی نے جمعے کو کیا ہے۔
پانچ ریاستوں میں ہونے والے یہ انتخابات رواں سال چار اپریل سے شروع ہو رہے ہیں اور 16 مئی تک جاری رہیں گے۔ جبکہ ووٹوں کی گنتی 19 مئی کو ہوگی۔
ان انتنخابات میں ان آبادیوں کے افراد بھی ووٹ دینے کے اہل ہوں گے جن بستیوں کو بھارت نے بنگلہ دیش کے ساتھ تبادلے میں حاصل کیا ہے۔
مسٹر نسیم زیدی نے کہا کہ پانچ ریاستوں میں تقریبا 17 کروڑ افراد ووٹ ڈالنے کے اہل ہوں گے۔
تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ روایتی طور پر ان انتخابات میں مقامی پارٹیوں کا بول بالا رہے گا۔
مغربی بنگال میں ووٹ چھ مرحلے میں چار، 17، 21، 25 اور 30 اپریل کے علاوہ پانچ مئي کو بھی ڈالے جائیں گے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہReuters
کوچ بہار کے شہری بھی پانچ مئی کو انتخابات میں ووٹ ڈالیں گے۔ یہ ضلع ان 16 ہزار افراد کا ضلع ہے جہاں بنگلہ دیش کی 160 چھوٹی چھوٹی بستیوں کے لوگوں کو تبادلے میں بھارت نے اپنا شہری تسلیم کیا ہے۔
مسٹر زیدی نے کہا کہ بھارتی انتخابی کمیشن اس بات کی یقین دہانی کرانے کی کوشش میں ہے کہ ان شہریوں کے ووٹنگ کارڈ انھیں مل جائیں تاکہ ’وہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے انتخابی عمل میں شرکت کر سکیں۔‘
شمال مشرقی ریاست آسام میں دو مرحلے میں انتخابات کرائے جائيں گے۔ پہلے مرحلے میں چار اپریل کو جبکہ دوسرے مرحلے میں 11 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
تمل ناڈو، کیرالہ اور پانڈی چیری میں ایک ہی دن 16 مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔
بنگال میں مقابلہ برسر اقتدار ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں میں ہے جبکہ آسام میں کانگریس کے خلاف بی جے پی اور بدرالدین اجمل کی پارٹی اے آئی یو ڈی ایف ہوگی۔
تمل ناڈو میں وزیر اعلی جے للتا اور کرونا ندھی کی پارٹیاں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ کیرالہ میں کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتیں مقابلے میں ہوں گی۔







