بھارت کی معاشی ترقی کی شرح چین سے بلند

،تصویر کا ذریعہAP
بھارت میں سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے ستمبر کے درمیان ملکی معیشت میں 7.4 فیصد کی سالانہ معاشی شرح سے اضافہ ہوا ہے، اس سے پہلی سہ ماہی میں یہ شرح سات فیصد تھی۔
مقامی سطح پر پیداوار میں اضافے اور طلب کی وجہ سے معاشی ترقی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یہ شرح چین کی معاشی ترقی سے زیادہ ہے۔
دوسری جانب منگل کو بھارت کا مرکزی بینک شرح سود کی سطح کا تعین کررہا ہے۔
بھارتی معیشت کو ان اشیا کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ ہوا ہے، جس سے ایندھن اور سونے جیسے درآمدات کم مہنگی ہوئی ہیں۔
بھارت کی ترقی کی رفتار اس وقت چین سے زیادہ ہے۔ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق چین کی معاشی ترقی کی شرح 6.9 فی صد ہے۔
اگرچہ بھارتی ترقی کے شرح خوش آئند دکھائی دیتی ہے تاہم حال ہی میں اعداد و شمار جمع کرنے کا جو طریقہ اپنایا گیا ہے اس کا گذشتہ اعداد وشمار سے موازنہ کرنا مشکل ہے۔
ملک کے کچھ حصوں میں خشک سالی کے باعث مسلسل دوسرے سال زراعت کے شعبے کو نقصان پہنچا ہے۔
ممبئی میں بی بی سی نامہ نگار یوگیتا لیمائے کے مطابق حالیہ اعداد و شمار حکومت کے لیے ایک اچھی خبر ہیں، جسے معاشی اصلاحات کو عملی جامہ نہ پہنا سکنے کے باعث تنقید کا سامنا تھا۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی







