’بی جے پی ہاری تو پاکستان میں پٹاخے پھوٹیں گے‘

،تصویر کا ذریعہSHAILENDRA KUMAR
بھارتی ریاست بہار کے اسمبلی انتخابات کے لیے انتخابی مہم زور شور سے جاری ہے اور اسی انتخابی مہم کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ نے سپویل میں ایک ریلی میں کہا کہ اگر بہار میں بی جے پی ہار گئی تو پاکستان میں پٹاخے پھوٹیں گے۔
اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر امت شاہ پر سخت نکتہ چینی کی جارہی ہے۔
شان موگا ناتھن جے نے لکھا: ’امت شاہ صرف پاکستان میں ہی نہیں، پورے ہندوستان میں بھی پٹاخے پھوٹیں گے۔‘
ایک دوسرے شخص ارن گری نے کہا کہ ’امت شاہ جی میں بھارت میں ہی رہتا ہوں اور اگر گرینڈ اتحاد جیت جائےگا تو اس دیوالی پر میں پورے ایک کلومیٹر طویل پٹاخوں کی ایک لائن بچھاؤں گا، پورا پونے شہر اس کی آواز سے گونچ اٹھےگا۔‘
آئی ایم موسیٰ نے ٹویٹ کیا: ’کیا امت شاہ نے یہ کہہ کر کہ بہار میں بی جے پی کی شکست پر پاکستان میں جشن ہوگا، یہ بات تسلیم کر لی ہے کہ بی جے پی بھارت کی سب فرقہ پرست جماعت ہے؟‘
كرشن پرتاپ سنگھ نے لکھا کہ ’امت شاہ، اگر بہار کے ووٹر بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے تو کیا انھیں پاکستانیوں کے برابر سمجھا جائے گا؟ اس سے زیادہ اشتعال انگیز چیز کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔‘

،تصویر کا ذریعہAFP
سواتی چترویدی کہتی ہیں: ’تو دہلی کو ’بازارو‘ میونسپلٹی کا تمغہ اس لیے دیا گیا کیونکہ بی جے پی ہارگئی تھی اور امت شاہ کے مطابق اگر وہ بہار ہار گئے تو پاکستان میں جشن منایا جائےگا! واہ!‘
ٹروتھ آف گجرات کہتے ہیں کہ ’دوسرے الفاظ میں امت شاہ کہتے ہیں کہ جو بھی بھارتی بی جے پی کو ووٹ نہیں دے گا وہ پاکستانی ہے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
بابا ٹھگدیو نے ٹویٹ کیاکہ ’بی جے پی مودی اور شاہ کی پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی بن گئی ہے جس کا مقصد کسی بھی قیمت پر اقتدار پر قبضہ کرنا ہے۔‘
فلپ ڈی سلوا نے لکھاکہ ’بی جے پی تمام ناقص چالیں چل رہی ہے، فرقہ واریت، پولرائزیشن، دہشت گردی پھیلانا بے شرم بی جے پی۔‘
وینیسا کیریمل کہتی ہیں: ’پاکستانی لیڈر الیکشن جیتنے کے لیے بھارت کا نام استعمال کرتے ہیں۔ اب امت شاہ نے بھارت میں اس کے برعکس شروع کر دیا ہے۔‘
سوشل میڈیا پر بی جے پی کے حامی لوگ عام طور پر بہت فعال ہیں لیکن اس بیان پر وہ سب خاموش نظر آ رہے ہیں۔







