بہار: اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پولنگ

بھارتی ریاست بہار میں اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ریاست کے چھ اضلاع میں پولنگ ہوئی ہے جہاں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلے میں جمعے کو تقریباً 55 فیصد ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا۔
یہ شرح 2010 میں ہونے والے انتخابات کے مقابلے میں تقریبا تین فیصد زیادہ ہے۔
جمعہ کو کیمور، روہتاس، ارول، جہان آباد، اورنگ آباد اور گیا کی 32 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔
ان 32 نشستوں کے لیے کل 456 امیدوار میدان میں ہیں جن میں 32 خواتین ہیں۔
پولنگ مراکز پر صبح سات بجے سے ووٹ ڈالنے کا سلسلہ شروع ہوا اور شام پانچ بجے تک جاری رہا۔
اس مرحلے میں اہم امیدواروں کی فہرست میں ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ جیتن رام مانجھی (امام گنج اور مخدوم پور سے)، اسمبلی کے اسپیکر ادے نارائن چودھری اور بی جے پی کے لیڈر پریم کمار شامل ہیں۔
امام گنج میں موجود بی بی سی کے نمائندے سلمان راوی نے بتایا ہے کہ رات میں پولیس پر ہوئی فائرنگ کے واقعے کے بعد سے علاقے میں فوجیوں کی تعداد بڑھا دی گئی۔ اس علاقے میں ماؤنواز باغیوں کا اثر و رسوخ کافی ہے اسی لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی

،تصویر کا ذریعہAFP
سلمان راوی کا کہنا ہے: ’ماؤ نواز باغیوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔ اندرونی علاقوں میں تو اتنی تعداد میں فورسز تعینات نہیں ہیں لیکن اہم راستوں پر تقریبا ہر جگہ پر سیکورٹی فورسز دیکھے جا سکتے ہیں۔‘
ماؤ نواز باغیوں سے متاثرہ اضلاع میں پولنگ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

،تصویر کا ذریعہAFP
پٹنہ زون کے آئی جی کندن كرشنن نے بی بی سی کو بتایا کہ 32 میں سے 20 نشستیں انتہائی حساس ہیں۔ انھوں نے کہا ’بوتھ پر جانے والے ہر راستے کی ہم نگرانی کر رہے ہیں۔ ہیلی کاپٹروں کے ذریعے بھی ہم نگرانی کر رہے ہیں۔ یہ ہمارے لیے سب سے زیادہ مشکل مرحلہ ہے اور سکیورٹی کے انتظامات کے لیے ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔‘
علاقے میں موجود بی بی سی کے نامہ نگار سلمان راوی کے مطابق پولیس سکیورٹی کا دعوی تو کر رہی ہے لیکن گزشتہ رات ہی اس علاقے میں نیم فوجی دستوں پر فائرنگ ہوئی تھی۔
ان چھ اضلاع کے 86،13،870 رائے دہندگان کے لیے 9،119 پولنگ مراکز بنائے گئے ہیں۔
دوسرے مرحلے کے لیے سینٹرل پیرا ملٹری فورسز کی 993 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔ گیا ضلع میں 334 کمپنیاں، روہتاس میں 201 اور اورنگ آباد میں 193 کمپنیاں تعینات کی گئی ہیں۔
سکیورٹی فورسز پڑوس کی سون ندی میں بھی کشتیوں میں سوار ہوکر حالات کی نگرانی کر رہے ہیں۔







