’بھارت میں مزید ایک ارب افراد کو آن لائن لانا چاہتے ہیں‘

،تصویر کا ذریعہAP
فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ ’مزید ایک ارب لوگوں کو انٹرنیٹ‘فراہم کرنے اور غربت ختم کرنے کے لیے بھارت میں انٹرنیٹ تک رسائی بڑھانی ہوگی۔
بھارت کے دارالحکومت دلی میں طلبا سے بات کرتے ہوئے زکربرگ کا کہنا تھا کہ اقتصادی ترقی کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی بہت اہم ہے۔
اطلاعات کے مطابق انڈین انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں مارک زکربرگ کا خطاب سننے کے لیے نو سو طلبا موجود تھے۔
گذشتہ ماہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی ریاست کیلیفورنیا میں فیس بک کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا تھا۔
امریکہ کے بعد دنیا میں فیس بک کا سب سے زیادہ استعمال بھارت میں ہوتا ہے جہاں 13 کروڑ افراد انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں۔
زکربرگ نے طلبا سے کہا کہ ’اگر آپ دنیا کے ہر انسان کو ایک دوسرے سے جوڑنا چاہتے ہیں تو یہ کام آپ بھارت میں لوگوں کو آپس میں انٹرنیٹ کے ذریعے جوڑے بغیر نہیں کر سکتے۔‘
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے مزید کہا کہ ’ہماری دوسری سب سے بڑی کمیونٹی بھارت میں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ مزید ایک ارب لوگ آن لائن آئیں۔‘

،تصویر کا ذریعہFACEBOOK
مارک زکربرگ کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ تک رسائی نے نئی ملازمتوں کی تخلیق میں مدد کی ہے اور لوگوں کو غربت سے باہر نکالا ہے۔
گذشتہ ماہ فیس بک کے مرکزی دفتر میں دورہ کرتے ہوئے نریندر مودی نے سوشل میڈیا کی سیاسی طاقت کی تعریف کی تھی۔
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ وہ بھارت کے سارے دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت میں تقریباً ایک ارب لوگوں کو انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔
فیس بک کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی کچھ ایپس کو انٹرنیٹ تک مفت رسائی فراہم کرنے والا اس کا انٹرنیٹ ڈاٹ او آر جی کا منصوبہ ترقی پذیر دنیا کو انٹرنیٹ تک رسائی دلوا سکتا ہے۔
تاہم بھارت سے کچھ لوگ اس منصوبے پر تنقید کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اس منصوبے کے تحت مقامی سروسز کی بجائے فیس بک کو زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے۔
فیس بک کے چیف ایگزیکٹو نے بدھ کو کہا کہ ’ہماری اخلاقی ذمہ داری ہے کہ ہم ان لوگوں کا خیال رکھیں جنھیں انٹرنیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں یہ بھی دیکھنا ہے کہ ہمارے اصولوں کا غلط استعمال کر کے ان لوگوں کو نقصان نہ پہنچایا جائے جن کی کوئی آواز نہیں سنتا ہے۔‘







